قبائلی اضلاع میں جاری کارروائیوں میں مزید تیزی واقع
فورسز نے درجنوں مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا ۔ رپورٹ
پشاور ( نمایندہ خصوصی ) پاکستان کی سیکورٹی فورسز خصوصاً پاک فوج نے اپریل اور مئی کے 30 دنوں کی اپنی کارروائیوں کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف قبائلی علاقوں میں 29 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ درجنوں گرفتار کیے گئے ۔ ایک سیکورٹی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی فورسز بلخصوص پاک فوج نے 21 اپریل 2023 سے لیکر 22 مئی تک خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقوں میں انٹلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 29 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے ۔ دوسری جانب ان کارروائیوں کے نتیجے میں درجنوں مطلوب دہشت گرد گرفتار بھی کیے گئے جن میں متعدد وہ زخمی افراد بھی ہیں جن کو فورسز نے دو طرفہ کارروائیوں کے دوران فائرنگ کے بعد زخمی کرتے ہوئے گرفتار کیا ۔
پشاور کے باصلاحیت صحافی عرفان خان نے اس ضمن میں بتایا کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ آور ہوکر ان کا پیچھا کررہی ہیں اور اعلیٰ عسکری قیادت کی دوٹوک موقف اور پالیسی کے باعث فورسز کی ان کارروائیوں نے کالعدم تنظیموں کے اوسان خطا کردیے ہیں ۔ ان کے بقول اگر پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت سیکورٹی اداروں کے ساتھ درکار تعاون کرے تو اس کے مزید بہتر نتائج برآمد ہوں گے اور موثر کوآرڈی نیشن کے ایک مربوط پالیسی کے تحت دہشت گردی پر قابو پانے میں مزید آسانی پیدا ہوسکتی ہے ۔