کچھ ہفتوں میں سامان رسد کی 453 گاڑیاں کرم پہنچائی جاچکی ہیں، سرکاری ذرائع
دونوں فریقین امن معاہدے پر عمل درآمد کے لیے جرگہ بھی کررہے ہیں، ذرائع
پشاور (غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں بنکرز گرانے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 250 سے زائد بنکرز میں سے 30 سے زائد مسمار کئے جاچکے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق فریقین امن معاہدے پر عملدرآمد کیلئے جرگے بھی کررہے ہیں اور پچھلے کچھ ہفتوں کے دوران اب تک سامان رسد کی 453 گاڑیاں مختلف قافلوں میں کرم پہنچائی جا چکی ہیں جبکہ کرم کے متاثرین میں امدادی رقوم کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ کرم میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے کمشنر کوہاٹ کی زیرصدارت فریقین میں جرگہ ہوا تھا جس میں اسلحہ جمع کرنے اور بنکرز مسمار کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم معاہدے کے باوجود کچھ ناخوشگوار واقعات سامنے آئے تھے جس کی وجہ سے اشیائے خوردونوش کے قافلے بھی رکوالئے گئے تھے۔
(4 فروری 2025)