میں خاص طور پر پاکستان کی حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے اس درندے کو گرفتار کرنے میں مدد کی، ڈونلڈ ٹرمپ
گرفتاری سی آئی اے اور آئی ایس آئی کے درمیان قریبی تعاون کا نتیجہ ہے، امریکی میڈیا
انسداد دہشت گردی میں پاکستان کے کردار اور حمایت تسلیم کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
پشاور(غگ خصوصی رپورٹ) پاکستان اور امریکی خفیہ ایجنسیوں کے اشتراک سے افغانستان میں امریکی انخلا کے موقع پر کی گئی کابل ائرپورٹ پر حملے میں ملوث دہشت گرد کمانڈر کو گرفتار کرلیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق گرفتار دہشت گرد محمد شریف اللہ ان کمانڈروں میں شامل تھے جنہوں نے 2021 میں کابل ائیرپورٹ کے ایبی گیٹ پر حملہ کی اور اس واقعے میں 13 امریکی فوجی اور 170 افغان شہری مارے گئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق داعش کمانڈر محمد شریف اللہ جعفر کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، اسے پاکستانی خفیہ ایجنسی نے گرفتار کیا تھا اور اب اسے پاکستان سے امریکا لایا جارہا ہے جسے بدھ کو ہی امریکا لایاجائےگا۔
امریکی صدر کی جانب سے پاکستان کا شکریہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرفتاری میں اسلام آباد کے کردار پر اس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’میں خاص طور پر پاکستان کی حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے اس درندے کو گرفتار کرنے میں مدد کی‘۔
وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ محمد شریف اللہ کو امریکا کے حوالے کیا جا رہا ہے، وہ 2021 میں افغانستان سے انخلا کے دوران کابل ایئرپورٹ کے ایبے گیٹ پر مہلک بم دھماکے کی منصوبہ بندی میں مبینہ طور پر ملوث تھا۔
ٹرمپ کے خطاب کے چند لمحوں بعد ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے اپنی ایکس پوسٹ میں لکھا کہ ’جیسا کہ صدر ٹرمپ نے ابھی اعلان کیا ہے، میں اطلاع دے سکتا ہوں کہ تباہ کن افغانستان انخلا کے دوران ایبے گیٹ پر 13 امریکی فوجیوں کے قتل کے ذمہ دار دہشت گردوں میں سے ایک کو آج رات ایف بی آئی، ڈی او جے اور سی آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے۔‘
وزیراعظم شہبازشریف کا اظہار تشکر
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف تعاون میں پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ٹرمپ نے افغانستان میں انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں پاکستان کےکردارکا اعتراف کیا، افغانستان میں انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار اور حمایت کو تسلیم کرنے اور سراہنے پر ہم صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے داعش کمانڈر شریف اللہ کی گرفتاری کے تناظر میں پاکستان کےکردارکو سراہا، شریف اللہ افغانستان کا شہری اور ایک مطلوب دہشتگرد ہے، پاکستان نے ہمیشہ انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے جس کا مقصد دہشتگردوں اور عسکریت پسند گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے سے روکنا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم دہشتگردی کی تمام شکلوں سے نمٹنے کے لیے پر عزم ہیں اور اس کوشش میں پاکستان نے عظیم قربانیاں دی ہیں جن میں ہمارے 80 ہزار سے زیادہ بہادر فوجیوں اور شہریوں کی جانیں بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے عہدہ سنبھالتے ہی سی آئی اے ڈائریکٹر John Ratcliffe کو ہدایت دی تھی کہ وہ ایبی گیٹ دہشتگردی میں ملوث عناصر کو پکڑنا ترجیح بنائیں، سی آئی اے ڈائریکٹر نے عہدہ سنبھالنے کے دوسرے ہی روز پاکستان میں سینئر حکام کے ساتھ یہ معاملہ اٹھایا تھا اورپھر فروری میں ہوئی میونخ سکیورٹی کانفرنس میں بھی پاکستان کے ایک اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار کےساتھ اس معاملےپر بات کی تھی۔
(5 مارچ 2025)