دھماکا مقامی امن کمیٹی کے رکن کے دفتر میں ہوا ہے، دھماکے سے دفتر منہدم ہوگیا، پولیس حکام
واقعہ صبح 11 بجے پیش آیا، امن کمیٹی کے رکن سیف الرحمان بھی زخمیوں میں شامل ہیں
پشاور (غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان تحصیل وانا میں امن کمیٹی کے دفتر میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق دھامکہ مقامی امن کے رکن کے دفتر میں ہوا جس سے دفتر منہدم ہوگیا۔ جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا منتقل کیا گیا۔
مشیر صحت احتشام خان کے مطابق ہسپتال میں ایمرجنسی ڈکلئیر کردی گئی ہے، سٹاف کی چھٹیاں معطل کی گئی ہیں۔
وانا سٹی تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) عثمان وزیر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ دھماکا صبح 11 بجے کے قریب ہوا، جس میں 7 افراد جاں بحق اور دیگر 16 زخمی ہوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں سے 5 کی حالت نازک ہے، دھماکے میں امن کمیٹی کے دفتر کو نشانہ بنایا گیا کیونکہ اس وقت وہاں اجلاس ہو رہا تھا۔
ایس ایچ او نے مزید کہا کہ حملے میں امن کمیٹی کے رکن سیف الرحمٰن زخمی ہوئے، تاہم ان کی حالت تشویش ناک نہیں ہے۔
ابھی تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
(28 اپریل 2025)