افغانستان میں موجود بعض عناصر کشیدگی کا سبب بن رہے ہیں، احمد شکیب
ہم پاکستان سے تعاون اور تحمل کی توقع رکھتے ہیں، افغان ناظم الامور
افغانستان کے وسائل سے استفادہ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، خصوصی گفتگو
پشاور (غگ رپورٹ) پاکستان میں متعین افغان ناظم الامور احمد شکیب نے کہا ہے کہ افغانستان کو متعدد چیلنجز اور مشکلات کا سامنا ہے اور اس صورتحال سے نکلنے کے لیے ہم نہ صرف پاکستان سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں بلکہ اس کے تعاون کی بھی ضرورت ہے ۔ اسلام آباد میں ایک سیمینار کے دوران “غگ ڈاٹ پی کے” کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو شکایت ہے کہ افغانستان کی سرزمین اس کے خلاف استعمال ہورہی ہے اور اس شکایت اور بد اعتمادی کے باعث دونوں ممالک کے نہ صرف یہ کہ تعلقات متاثر ہورہے ہیں بلکہ ٹریڈ ، آمدورفت اور دیگر متعلقہ معاملات بھی متاثر ہوتے آرہے ہیں جس کا افغان عبوری حکومت کو پورا احساس ہے اور ہماری کوشش ہے کہ دونوں پڑوسی ممالک کے تعلقات کو ہر سطح پر بہتر بناکر بداعتمادی اور کشیدگی کے خاتمے کا راستہ ہموار کیا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے افغانستان کو بے پناہ قدرتی وسائل اور نعمتوں سے نوازا ہے تاہم جاری جنگوں اور کشیدگی کے باعث ہم افغانستان کی جغرافیائی اہمیت اور ان وسائل سے مستفید نہیں ہوپارہے۔ ان کے مطابق پاکستان ہمارا پڑوسی ملک ہے جس کے ساتھ ہم کئی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان افغانستان کی تعمیر نو میں ہمارے ساتھ معاونت کرے تاکہ افغان عوام کی زندگی کو پر سکون بنایا جائے اور خطے میں موجود تلخیوں اور کشیدگی کو کم کیا جاسکے ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ افغانستان کی عبوری حکومت کو پاکستان کے بعض خدشات اور شکایات کا ادراک ہے اور چاہتی ہے کہ تعلقات کو بہتر بناتے ہوئے تجارت ، آمدورفت اور ایک دوسرے کی سہولیات سے فایدہ اٹھانے کا راستہ ہموار کردیا جائے۔