GHAG

عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سرکاری پروٹوکول میں پشاور آمد

سابق وزیر اعظم کی اہلیہ سی ایم ہاؤس کی انیکسی میں ٹھیرایا گیا ہے، ذرائع

مشعال یوسفزئی کو غیر معمولی اہمیت دینے پر پارٹی  رہنماؤں کا اظہار حیرت

پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں بشری بی بی کی احتجاجی پلان کی تیاری کی ہدایت

پشاور (غگ رپورٹ) سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی غیرمتوقع طور پر گزشتہ روز جیل سے رہائی پانے کے بعد خیبرپختونخوا حکومت کی سیکورٹی اور غیر معمولی پروٹوکول میں وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور پہنچ گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے ساتھ پارٹی کے مرکزی رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور صوبائی مشیر مشعال یوسفزئی نے سرکاری پروٹوکول میں اسلام آباد سے پشاور کا سفر کیا جہاں ان کو وزیراعلیٰ ہاؤس کی انیکسی میں ٹھہرایا گیا اور ان کو سرکاری پروٹوکول سے نوازا گیا۔ اگرچہ صوبائی حکومت کے بعض ذرائع نے غیر رسمی طور پر ان کی پشاور آمد  کو شوکت خانم ہسپتال سے معائنہ کرانے کا ایک مقصد بتایا ہے اور حکومتی ترجمان بیرسٹر سیف نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ بشریٰ بی بی چند روز یہاں قیام کریں گی تاہم ان کی آمد کے فوراً بعد نہ صرف سی ایم ہاؤس میں انہوں نے اپنی سرگرمیاں شروع کیں اور متعدد اہم رہنماؤں سے رابطے کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں بلکہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے بانی عمران خان کی رہائی کیلئے احتجاجی پلان کی تیاریوں کی ہدایت جاری کی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بشری بی بی لمبے عرصے تک وزیراعلیٰ ہاؤس کو اپنا ٹھکانہ بناتے ہوئے مجوزہ تحریک، احتجاج سمیت دیگر اقدامات کو ڈیل کریں گی۔

خلاف توقع پارٹی کے بہت کم لیڈروں نے ان کی پشاور آمد اور رہائی کے غیر متوقع فیصلے کا خیرمقدم کیا جس کی ایک بڑی وجہ پارٹی کے اندرونی اختلافات بتائی جاتی ہے اور یہ سبب  بھی کہ بشریٰ بی بی ایک متنازعہ کردار مشعال یوسفزئی پر اتنا انحصار اور اعتماد کیوں کررہی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts