GHAG

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا بنوں واقعہ پر پالیسی بیان اور فوج کو خراج تحسین

بنوں واقعہ جیسے مزید واقعات سے بچنے کے لیے انہوں نے ایک کمیشن قائم کیا ہے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور

صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہت خراب ہے اور صوبائی حکومت اپنے فرائض سرانجام نہیں دے رہی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

پشاور ( نمائندہ خصوصی) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے امن کے قیام کے لیے فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں، شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنوں واقعہ جیسے مزید واقعات سے بچنے کے لیے انہوں نے ایک کمیشن قائم کیا ہے، اس ضمن میں بنوں میں مذاکرات کئے گئے جس کے فیصلوں کا احترام کیا جائے گا اور وہ پیر کے روز اس ضمن میں ہونے والی پیشرفت پر مذاکراتی ٹیموں کے ساتھ خود ملاقات کریں گے ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے عوام کو تحفظ فراہم کرنا، ان کے مسائل حل کرنا اور مطالبات پر غور کرنا صوبائی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور وہ ان تمام معاملات کے حل میں سنجیدہ ہیں۔  انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن کے قیام کے لیے کی جانیوالی کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کو وہ خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور صوبائی حکومت ان کی پشت پر کھڑی ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ بنوں سمیت کسی بھی علاقے میں مسلح افراد یا گروپوں کو گھومنے پھرنے کی کسی قیمت پر اجازت نہیں دی جائے گی اور اس ضمن میں انہوں نے خیبرپختونخوا پولیس کے حکام کو واضح ہدایات دی ہیں کہ ایسے عناصر، ان کے ٹھکانوں کے خلاف سخت ترین کارروائیاں کی جائیں اور عوام کو ہر قیمت پر تحفظ فراہم کیا جائے ۔

دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایبٹ آباد میں ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہت خراب ہے اور صوبائی حکومت اپنے فرائض سرانجام نہیں دے رہی ۔ گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ یہ بات قابل افسوس ہے کہ وزیر اعلیٰ نے سیکورٹی کی صورتحال پر نہ تو ابھی تک کابینہ کا اجلاس طلب کیا اور نا ہی انہوں نے اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ضرورت محسوس کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp