ایبٹ آباد میں تعینات ہوئی تو لوگ مہمانوں کی طرح سلوک کرتے رہے، ایس ایس پی لاہور
کھبی یہ احساس نہیں دلایا گیا کہ میں خاتون ہوں اس لیے پرفارم نہیں کرسکتی، انوش چودھری
پشاور (غگ رپورٹ) ملک گیر شہرت کی حامل پولیس آفیسر اور ایس ایس پی لاہور ڈاکٹر انوش مسعود چودھری نے کہا ہے کہ عام تاثر کے برعکس انہوں نے خیبرپختونخوا میں قیام کے دوران یہاں کے عوام کو بہت مثبت پایا ہے اور وہ اب بھی حد درجے کے مہمان نواز ہیں۔
ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جب ایک پولیس آفیسر کے طور پر خیبرپختونخوا کے شہر ایبٹ آباد میں ان کی تعیناتی ہوئی اور انہوں نے چارج سنبھال لیا تو ان کو نہ صرف یہ کہ میل پولیس آفیسرز اور جوانوں نے ویلکم کیا بلکہ عوام نے بھی ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کے ساتھ تعاون کیا اور دوران ملازمت بے انتہا مہمان نوازی اور احترام سے نوازا۔
ان کے بقول انہوں نے جتنے عرصے تک وہاں فرایض سرانجام دیے آخر تک انہیں مہمانوں کی طرح رکھا گیا حالانکہ ان کی تمام توجہ اپنے فرائض پر مرکوز رہی اور انہوں نے متعدد چیلنجگ کیس بھی ڈیل کیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ خیبرپختونخوا کے چیلنجز کافی زیادہ اور مختلف ہیں تاہم ان کا تجزیہ زبردست رہا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دوران فرائض ان کو کسی جگہ ایک خاتون آفیسر کے طور پر کسی امتیازی سلوک کا تاثر نہیں ملا اور وہ آزادانہ طور پر خدمات سر انجام دیتی آرہی ہیں۔