GHAG

عمران خان، بیرسٹرسیف اور جنرل فیض بدامنی کے ذمہ دار ہیں، ڈاکٹرعباداللہ خان

قومی مجرم دہشت گردوں کو واپس لے آئے ہیں، اپوزیشن لیڈر خیبرپختونخوا

وزیر اعلیٰ کی حیثیت مولا جٹ کے کردار سے زیادہ کچھ نہیں،خصوصی گفتگو

پشاور (غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ خان نے صوبے کے سیکورٹی صورتحال کی ابتری کی ذمہ داری عمران خان، تحریک انصاف، اس کی صوبائی حکومت اور سابق اسٹیبلشمنٹ پر ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ ان لوگوں نے ایک سازش کے تحت افغانستان سے دہشت گردوں کو یہاں منتقل کرکے ان کو رعایتیں اور سہولتیں دیں جبکہ موجودہ صوبائی حکومت بھی اسی پالیسی پر عمل پیرا ہیں جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہیں۔

پشاور میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے متعدد علاقوں میں شام کے بعد حکومتی رٹ ختم ہو جاتی ہے اور صوبے کے وزیر اعلیٰ کا کردار مولاجٹ کی بڑھکیں مارنے سے بڑھ کر اور کچھ نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبے کو بدترین نوعیت کی بیڈ گورننس اور کرپشن کا سامنا ہے اور ایک جنگ زدہ صوبے پر مال کمانے کے لیے نہ صرف یہ کہ اسی پارٹی نے ماضی میں بی آر ٹی جیسے غیر ضروری پروجیکٹ کو مسلط کیا بلکہ اب بھی معاشی بدحالی کے باوجود صوبے کے وسائل ایک مجرم لیڈر کی رہائی کے لیے بے دردی سے استعمال ہورہے ہیں اور سازش کی جارہی ہے کہ اہم قومی اداروں کو متنازعہ بنانے کے علاوہ بدنام کیا جائے تاہم اس فتنہ گردی کا ہر قیمت پر راستہ روکا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp