بانی پی ٹی آئی پر اسلام آباد میں 76 مقدمات درج ہیں، اسلام آباد پولیس
بلوچستان میں عمران خان پر دو مقدمات درج تھے، ایک خارج ہوچکا ہے، رپورٹ
ڈی چوک احتجاج کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف 20 مقدمات درج، 13 میں دہشت گردی کے دفعات بھی شامل، رپورٹ
ڈی چوک احتجاج کے دوران ڈیوٹی سے غیرحاضر 128 اہلکاروں کیخلاف تادیبی کارروائی کا آغاز کردیا گیا، پولیس
پشاور(غگ رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان پر درج مقدمات کی تفصیل پیش کردی گئیں جس کے مطابق اسلام آباد میں انکے خلاف اب تک 76 مقدمات درج ہوچکے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں دوران سماعت اسلام آباد پولیس کی جانب سے جمع کردہ رپورٹ میں نئی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی جس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں انکے خلاف مزید 14 مقدمات درج کئے گئے جس کے بعد کل تعداد 76 ہوگئی، اس سے پہلے درج مقدمات کی تعداد 62 تھی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے حالیہ ڈی چوک احتجاج پر پارٹی قیادت کے خلاف اسلام آباد میں مزید 10 مقدمات درج ہوگئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 20 ہو گئی ہے۔نئے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سمیت تمام اہم رہنما ملزمان نامزد کیے گئے ہیں جبکہ مجموعی 20 میں سے 13 مقدمات میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل ہیں۔
تھانہ کوہسار میں درج دوسرے مقدمے میں بھی اہم پیش رفت سامنے آئی اور بدھ کے روز اسلام آباد پولیس نے 96 نامزد ملزمان کے وارنٹ گرفتاری حاصل کر لئے جن میں بانی پی ٹی آئی ، بشریٰ بی بی ، علی امین گنڈا پور ، عمر ایوب ، شخ وقاص اکرم ، شعیب شاہین ، شیر افضل مروت شامل ہیں جبکہ سیمابیہ طاہر اور عالیہ حمزہ کے بھی وارنٹ جاری کئے گئے ہیں۔
ڈی چوک احتجاج کے دوران گرفتار 640 کارکنان کی شناخت کا عمل مکمل ہوگیا ہے جبکہ اب تک گرفتار کئے گئے 853 افراد میں 5 خواتین بھی شامل ہیں۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے خوداحتسابی کے عمل کے تحت ڈی چوک احتجاج کے دوران ڈیوٹی سے غیرحاضر رہنے والے 128 اہلکاروں کیخلاف تادیبی کارروائی کا آغاز کردیا گیا جن میں ایک انسپکٹر، 4 اے ایس آئی اور 123 اہلکار شامل ہیں۔