GHAG

جی ایچ کیو حملہ کیس: شیریں مزاری سمیت مزید 9 ملزمان پر فردجرم عائد، شاہ محمود قریشی کا انکار

16-12-2024

ملزمان میں راجا راشد حفیظ، خادم حسین، ذاکر اللہ، عظیم اللہ خان، میجر طاہر صادق، مہر محمد جاوید، چوہدری آصف بھی شامل

شاہ محمود قریشی، اجمل صابر راجا، سکندر زیب کا فرد جرم کی شیٹ پر دستخط کرنے سے انکار

راولپنڈی (غگ رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 9مئی کو جی ایچ کیو پر حملہ  اور توڑ  پھوڑ کے مقدمے میں پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری سمیت مزید 9 ملزمان پر فردجرم عائد کردی گئی ہے۔

جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں جج امجد علی شاہ کی عدالت میں ہوئی۔ اس موقع پر بانی پی ٹی ائی کو بھی اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔

اے ٹی سی راولپنڈی نے شاہ محمود قریشی سمیت مزید 9 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی جن میں شیریں مزاری، راجا راشد حفیظ، خادم حسین، ذاکر اللہ، عظیم اللہ خان، میجر طاہر صادق، مہر محمد جاوید، چوہدری آصف شامل ہیں۔ تاہم ملزمان شاہ محمود قریشی،اجمل صابر راجا اور سکندر زیب نے فرد جرم کی شیٹ پر دستخط کرنے سے انکار کردیا۔

سماعت کے دوران ملزمان نے موقف اختیار کیا کہ انکے خلاف ثبوت ناکافی ہیں، انکی 265 ڈی کی درخواست پر پہلے سماعت کی جائے، درخواست پر فیصلہ آنے کے بعد فرد جرم شیٹ پر دستخط کی جائیگی۔

عدالت نے شاہ محمود قریشی کی 265 ڈی کی درخواست آئندہ سماعت کے لیے مقرر کر دی۔

سی آر پی سی 265 ڈی کے تحت الزامات ثابت نہ ہونے پر فرد جرم کی کارروائی روکنے کا کہا جاتا ہے

استغاثہ نے وزیراعلیٰ خیبپرپختونخوا سمیت 23 ملزمان کی ضمانت منسوخی درخواست دائر کر دی اور عدالت نے مزید سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کردی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp