افغان عبوری حکومت کو ٹی ٹی پی کے معاملے پر کہتے آرہے ہیں، ترجمان وزارت خارجہ
قاضی فائزعیسیٰ کے ساتھ بدتمیزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، ممتاز زہرا بلوچ
پشاور (غگ رپورٹ) وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ٹی ٹی پی سمیت کسی بھی دہشت گرد گروپ یا تنظیم کے ساتھ حکومت کی جانب سے مذاکرات کے کسی امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کا کوئی آپشن زیر غور ہی نہیں ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوسکتے کیونکہ یہ ایک دہشت گرد گروپ ہے اور کسی بھی دہشت گرد گروپ کے ساتھ مذاکرات ممکن نہیں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان پر ہونے والے حملوں کے لیے کھلے عام استعمال ہورہی ہے اور پاکستان کو اس صورتحال پر نہ صرف یہ کہ بہت تشویش ہے بلکہ ہم افغان عبوری حکومت سے مسلسل یہ مطالبہ بھی کرتے آرہے ہیں کہ اس سلسلے کو روکنے کے لیے وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
ترجمان وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ لندن میں بدتمیزی کرنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی اور اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔