رواں برس ڈی آئی خان میں پولیو کا چوتھا کیس سامنے آگیا
ملک کے کل 48 کیسز میں سے 11 خیبرپختونخوا میں رپورٹ ہوئے ہیں
پشاور (غگ رپورٹ) سال 2024 میں دہشت گردی کے واقعات میں پہلے نمبر پر آنیوالا ضلع ڈیرہ اسماعیل خان پولیو کے کیسز کی تعداد کے لحاظ سے بھی “پہلے نمبر” پر آگیا ہے اور تحصیل درازندہ کے ایک گاؤں میں 28 مہینے کی عمر کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد صرف اس ضلع میں کیسز کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔
اس وقت خیبرپختونخوا میں پولیو کے 11 کیسز رپورٹ ہیں جن میں 80 فیصد کا تعلق بعض جنوبی اور قبائلی اضلاع سے ہے۔ یوں کہا جاسکتا ہے کہ یہ اضلاع نہ صرف دہشت گردی کی انڈیکس میں تعداد کے لحاظ سے سرفہرست ہیں بلکہ پولیو سمیت دیگر مسائل سے بھی سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ پاکستان میں اس وقت سرکاری رپورٹ کے مطابق پولیو کے کیسز کی کل تعداد 48 ہے۔
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ، گورنر، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعدد دیگر کے آبائی ضلع یعنی ڈیرہ اسماعیل خان میں رواں برس کے گزشتہ 10 مہینوں کے دوران سب سے زیادہ دہشت گردی کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں مختلف کاروائیوں کے نتیجے میں ڈیرہ اسماعیل خان میں 76 افراد شہید اور 110 زخمی ہوگئے ہیں جبکہ 29 افراد کو اغواء کیا جاچکا ہے جن میں اکثریت سرکاری ملازمین کی رہی ہے۔