GHAG

دہشت گردوں کے حامی حکومت میں بیٹھے ہیں، فیصل کریم کنڈی

20-12-2024

جو لوگ دہشت گردوں کو لیکر آئے ہیں ان کو سزائیں ملنی چاہیے، گورنرخیبرپختونخوا

اے پی ایس کا سانحہ بھی انہی کی حکومت کے دوران وقوع پذیر ہوا، فیصل کریم کنڈی

صوبائی حکمرانوں کو اسلام آباد پر چڑھائی، کرپشن سے فرصت نہیں ہے، پشاور میں گفتگو

پشاور (غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے بڑھتی دہشتگردی کی ذمہ داری پی ٹی آئی اور اس کی صوبائی حکومت پر ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ یہی پارٹی اپنی حکومت کے دوران افغانستان سے دہشتگردوں کو سہولیات دیکر یہاں لے آئی ہے۔ جو لوگ اس “واردات” میں ملوث رہے ہیں ان کا احتساب ہونا چاہیے اور ان کو سخت سزائیں دینی کی ضرورت ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ گزشتہ روز سانحہ آرمی پبلک اسکول کے 10 سال مکمل ہوگئے، یہ عظیم سانحہ بھی پی ٹی آئی ہی کے دور حکومت میں وقوع پذیر ہوا تھا مگر ایسے واقعات کے باوجود اس پارٹی اور اس کی صوبائی حکومت کی ہمدردیاں دہشت گردوں کے ساتھ رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر ہماری فورسز اور عوام قربانیاں دیکر ایسی پالیسیوں کے نتائج بھگت رہے ہیں اور قبائلی علاقوں سے ہوتے ہوئے دہشتگردی نے اب جنوبی اضلاع کا رخ کردیا ہے مگر امن و امان کی بحالی کی ذمہ دار پارٹی کو اسلام آباد پر بار بار چڑھائی اور کرپشن سے فرصت نہیں ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ صوبے کو بدترین دہشتگردی کے علاوہ بیڈ گورننس کا بھی سامنا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts