کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، خوارج سے اسلحہ، بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا، آئی ایس پی آر
ہلاک خوارج معصوم شہریوں کے قتل اور سیکیورٹی فورسز کے حملوں میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر
پشاور(غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردی کے پے درپے واقعات کے بعد سیکیورٹی فورسز کی خفیہ اطلاع پر کارروائیاں جاری ہیں۔ جمعہ کی صبح سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے تین خوارج ہلاک جبکہ دو کو زخمی کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آج صبح آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 3 خوارج ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے خوارج سے اسلحہ، بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج معصوم شہریوں کے قتل اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔
اس سے قبل 19نومبر کو پاک فوج اور ایف سی کی مشترکہ چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی گئی جسے ناکام بنایا گیا اور خودکش حملہ کے نتیجے میں 12 جوان شہید ہوئے تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں چھ خوارج بھی ہلاک کئے گئے۔
بنوں ہی میں 18نومبر کو ضلع بنوں میں نامعلوم افراد نے روچہ چیک پوسٹ سے سات پولیس اہلکاروں کو اغوا کیا تھا۔ پولیس کے مطابق ایک روز بعد (19نومبر) پولیس اور علاقہ مشران کی کوششوں سے تمام پولیس اہلکار باحفاظت واپس پہنچ گئے۔