GHAG

جنوبی وزیرستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے سرکاری ملازمین کو وارننگ جاری

سرکاری ملازمین نے ملازمتیں نہیں چھوڑی تو کارروائی ہوگی، اعلانات

لاؤڈ سپیکروں کے ذریعے اعلانات ہورہےہیں مگر عوام فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں، مقامی صحافی

مکین سے عوام اپنی مرضی کے مطابق منتقل ہونے لگے ہیں، محمد وسیم

جنوبی وزیرستان میں فورسز کی کارروائی سے 6 دہشت گرد ہلاک 8 زخمی ہوئے

پشاور (غگ رپورٹ) جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں کالعدم ٹی ٹی پی نے سرکاری ملازمین کو وارننگ دی ہے کہ وہ ڈیڈلاین ختم ہونے پر اپنی ملازمتوں سے مستعفی ہو جائیں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔

سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی ویڈیوز میں کھلے عام سرکاری ملازمین کو وارننگ دی گئی ہے جس میں ان کو وارننگ جاری کردی گئی ہے کہ اگر وہ ملازمتوں سے الگ نہیں ہوتے تو سنگین نتائج کے لیے تیار ہو جائیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ متعدد علاقوں میں طالبان باقاعدہ لاؤڈ سپیکروں پر یہ اعلانات کرتے دکھائی دیے اور مساجد کے لاؤڈ سپیکرز بھی استعمال کرنے کی اطلاعات ہیں۔

اس صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے مقامی صحافی محمد وسیم نے کہا کہ عوام ان اعلانات اور دھمکیوں کے باوجود فورسز اور ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں تاہم ان میں کافی بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔ محمد وسیم کے مطابق افسوس کی بات یہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ اس صورتحال پر بلکل خاموش ہے جبکہ علاقے سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے تین ممبران اسمبلی بھی اسلام آباد اور پشاور میں ڈیرے ڈال کر ان حالات سے لاتعلق ہیں جس پر عوام میں سخت غصہ پایا جاتا ہے۔ ایف ایم سنو پختونخوا کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا پکتیکا میں کی گئی کارروائی سے متعلق مصدقہ اطلاعات یہ ہیں کہ وہاں پر حملہ آوروں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے اور جن لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے وہ ماضی میں دہشتگردی میں ملوث رہے ہیں۔ ان کے بقول مکین اور بعض دیگر علاقوں کے عوام طالبان کے باعث اپنی مرضی سے دوسرے علاقوں میں منتقل ہونا شروع ہوگئے ہیں کیونکہ طالبان ان کو اپنی مدد پر آمادہ کرنے پر مجبور کرتے ہیں اور عوام ماضی کے تجربات کے تناظر میں ان کی بجائے اپنی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔

جنوبی و شمالی وزیرستان میں کارروائیاں، 11 خوارج ہلاک

دوسری جانب سیکورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں ایک اور کارروائی کرتے ہوئے 6 خوارج کو ہلاک جبکہ 6 کو زخمی کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس اور آئی ایس پی آر کے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاوہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں بھی آپریشن کیا گیا جس کے نتیجے میں 5 خوارج ہلاک اور 8 کو زخمی کردیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران فرنٹ لائن پر لیڈ کرنے والے میجر محمد اویس شہید ہوگئے۔ بنوں کے علاقے جانی خیل میں بھی ایک آپریشن کے نتیجے میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا گیا۔

(27دسمبر 2024)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp