چار اضلاع سے گریڈ 1 سے 11 تک لیویز ملازمین پولیس کی تربیت لیکر اس کا حصہ بنیں گے، حکام
کوئٹہ کے علاوہ لسبیلہ، حب اور گوادر میں یہ اقدام اٹھایا گیا مزید بھی کریں گے، ذرائع
کوئٹہ (غگ رپورٹ) بلوچستان حکومت نے اعلیٰ سیکورٹی اداروں کی تجویز پر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت لسبیلہ، حب اور گوادر پر مشتمل چار اضلاع میں فرائض سر انجام دینی والی لیویز فورس کے 11 سے زائد گریڈ 1 سے 11 تک کے اہلکار اور افسران کو بلوچستان پولیس میں ضم کردیا ہے۔ ان اہلکاروں کو تربیت دیکر تین مہینے بعد پولیس میں باقاعدہ طور پر تعینات کیا جائے گا۔
صوبائی حکومت کی جانب سے یہ غیر معمولی اقدام لیویز کی روایتی اور ناقص کارکردگی کو دیکھتے ہوئے اٹھایا گیا جبکہ اس فیصلے سے مذکورہ علاقوں میں پولیس فورس کی تعداد زیادہ کرنے کا مقصد بھی پورا ہوسکے گا۔ حکام نے اس ضمن میں “غگ” کو بتایا کہ کوئٹہ سے جو اہلکار پولیس فورس میں شامل کئے گئے ہیں ان کی تعداد 346 ہے جبکہ 381 کو گوادر ، 220 کو لسبیلہ جبکہ 219 اہلکاروں کو حب سے شامل یا ضم کردیا گیا ہے۔ متعدد دیگر اضلاع میں اس والی اسپیل کے بعد مزید لیوی اہلکار بلوچستان پولیس میں شامل کئے جائیں گے۔
سینئر صحافی اختر گلفام نے اس ضمن میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اس لیے اٹھایا گیا کہ لیویز خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع کی ایک روایتی مقامی فورس کی طرح پرفارم نہیں کرپارہی تھی اور اس کی ٹریننگ اور سہولیات بھی مناسب نہیں تھیں۔ دوسرا یہ کہ بلوچستان کے مخصوص حالات کے تناظر میں پولیس فورس کو درکار نفری کی مد میں کمی کا سامنا تھا۔ اس اقدام سے بلوچستان پولیس کی افرادی قوت میں اضافے کا راستہ ہموار ہوگا۔
(13جنوری 2025)