GHAG

ہماری افواج نے پوری قوم اور پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ۔ گورنر کنڈی

ہماری افواج نے پوری قوم اور پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ۔ گورنر کنڈی

پشاور ( خصوصی رپورٹ ) خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر اور منظم افواج نے ساٹھ ستر گھنٹوں کی جوابی کارروائی میں بھارت جیسے بڑے ملک کو تاریخی شکست سے دوچار کرکے نہ صرف یہ کہ پاکستان کی سلامتی کو محفوظ بنایا بلکہ اپنے ملک اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ۔

گورنر ہاوس پشاور میں ” معرکہ حق” کے دوران پاکستان کی بہترین نمایندگی کرنے والے لیڈنگ جرنلسٹس ، تجزیہ کاروں ، ایڈیٹرز ، ڈائریکٹرز اور ڈیجیٹل میڈیا کے نمائندوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں منعقدہ ایوارڈز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج ، سیاسی ، حکومتی لیڈرشپ ، میڈیا اور عوام نے پاک بھارت جنگ کے دوران جس بہادری ، قومی اتحاد اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے دنیا پر اپنی اہمیت اور طاقت منوائی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔

گورنر کنڈی نے مزید کہا کہ پاکستان کے میڈیا نے بھارت کے مقابلے میں انتہائی ذمہ دارانہ کردار ادا کیا اسی وجہ سے آج ہم نے پشاور میں ان کے اعزاز میں یہ تقریب رکھی کیونکہ آج پوری دنیا میں پاکستان کے دیگر اسٹیک ہولڈرز کی طرح پاکستان کے میڈیا کو بھی سراہا اور مانا جاتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی علاقوں سمیت خیبر پختونخوا کے عوام ہر دور میں اپنی ریاست اور فورسز کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور آج بھی اس صوبے کے عوام دہشت گردوں کے خلاف بہادری کے ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ” معرکہ حق ” کے بعد بھی عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ بہتر طریقے سے پیش کیا ۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ اگر ایک طرف پاکستان کے پارلیمانی وفد نے پوری دنیا سے اپنا مقدمہ منوایا تو دوسری جانب ہمارے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو تاریخ میں پہلی مرتبہ امریکی صدر نے خصوصی ظہرانے پر مدعو کیا اور آج ہم ایران اسرائیل جنگ کے معاملے پر بھی دنیا کی ضرورت بن گئے ہیں ۔

دریں اثناء صحافیوں کے اعزاز میں منعقدہ اس تقریب میں نہ صرف یہ کہ پشاور ، اسلام آباد اور لاہور سے 50 سے زائد اہم میڈیا پرسنز نے شرکت کی بلکہ ایران کے قونصل جنرل ، خیبر پختونخوا کے اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ خان ، سابق گورنرز شوکت اللہ خان ، اقبال ظفر جھگڑا ، اے این پی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین اور درجن بھر سابق وزراء ، ممبران اسمبلی اور مختلف فورمز کے عہدے داروں نے بھی ایوارڈ تقریب میں شرکت کی ۔

اس موقع پر ایک پُرتکلف عشائیہ کے علاوہ ” معرکہ حق” کی فتح کی خوشی میں شاندار محفل قوالی کا بھی اہتمام کیا گیا ۔
( 22 جون 2025 )

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts