GHAG

شمالی و جنوبی وزیرستان میں کارروائی، 12خوارج ہلاک، 6 جوان شہید

پاکستان کی سکیورٹی فورسز  ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، آئی ایس پی آر

خوارجی دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے والے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی

پشاور(غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے شمالی و جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 12 خوارج ہلاک کردیے گئے جبکہ کارروائی میں سیکیورٹی فورسز کے چھ جوانوں نے جام شہادت نوش کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپوں کے 2 واقعات ہوئے، 19 ستمبر کو پاک افغان سرحد پر 7 دہشت گردوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی جو  پاکستان میں دراندازی کی کوشش کررہے  تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ساتوں درانداز خوارج ہلاک کردیے گئے، ہلاک خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق جنوبی وزیرستان کے ضلع لدھا میں خوارج کے ایک گروپ نے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا۔ جوانوں نے دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور اس دوران 5 خوارج ہلاک کردیے۔

بیان میں کہا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران دھرتی کے 6 بہادر سپوت بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز  ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کے 12 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیر داخلہ نے جھڑپوں میں شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے 6 بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا، 6 جری جوانوں نے جان نچھاور کرکے خوارجی دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا، خوارجی دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے والے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہداء ہمارے لیے باعث افتخار اور ہمارے سروں کا تاج ہیں، شہدا کی عظیم قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts