غگ رپورٹ
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھارت کے خلاف فیٹف (فنانشل ایکش ٹاسک فورس) جانے کا اعلان کر دیا۔اپنے ایک ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بھارت نے ان کا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا اور پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں ڈالوانے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ مودی! میں تمہیں پیغام دے رہا ہوں، ہم تمہاری طرح بزدل نہیں جو رات کی تاریکی میں آئیں، ہم نعرہ لگا کر آتے ہیں، دشمن کو بتا کر آتے ہیں، بھارت کو کی گرے لسٹ میں شامل کرانے کیلئے وہ خود ثبوتوں کے ساتھ عالمی فورمز پر جائیں گے اور یہ ثابت کریں گے کہ انڈیا گرے لسٹ میں جانے کیلئے سو فیصد فٹ ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت آج سے نہیں، بلکہ ہمیشہ سے پاکستان، خصوصاً بلوچستان، گلگت بلتستان اور خطے میں دہشتگردی میں ملوث رہا ہے، افغان جنگ کے دوران بھارت نے 100 سے زائد قونصل خانے کھول کر پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دی۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا بیان توڑ مروڑ کر پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں شامل کرانے کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، کلبھوشن یادیو پاکستان میں بھارتی جرائم کا واضح ثبوت ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو بھارتی حکومت نے فیٹف میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا بیان پاکستان کے خلاف بطور ثبوت جمع کروایا۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے الزام لگایا تھا کہ ہم طالبان کو گرفتار کرتے ہیں لیکن ادارے انہیں رہا کر دیتے ہیں۔
یاد رہے کہ 21 اکتوبر 2022ء کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ میں تقریباً 52 ماہ شامل رہنے کے بعد پاکستان کا نام اس فہرست سے نکال دیا گیا تھا۔