غیر ملکی ماہرین اور اہلکاروں میں چینی باشندوں کی تعداد 1585 ہے
23 بڑے پراجیکٹس کے ملازمین کے لئے 8500 سیکورٹی اہلکار تعینات
سب سے زیادہ اہلکار واپڈا، ڈیمز اور سی پیک کے 2 پراجیکٹس پر مامور ہیں،رپورٹ
پشاور (غگ رپورٹ) وزارت داخلہ خیبرپختونخوا کی ایک رپورٹ کے مطابق صوبے میں جاری 23 بڑے پراجیکٹس میں کام کرنے والے 1682 غیر ملکی افسران اور اہلکاروں کے تحفظ کے لیے 8500 سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس وقت خیبرپختونخوا میں سی پیک کے 3 منصوبوں سمیت جاری 23 پراجیکٹس میں کام کرنے والے غیر ملکی اہلکاروں اور افسران کی تعداد 1682 ہے جن میں 1550 سے زائد چینی ہیں۔ باقی ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعداد تقریباً 100 ہے جن میں اکثر گیس اور تیل کے پراجیکٹس اور بعض ڈیمز میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان 23 پراجیکٹس میں کام کرنے ہر غیر ملکی باشندے کے تحفظ کے لیے 5 سے 7 سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ان میں 500 پرائیویٹ سیکورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے رابطے پر بتایا کہ سی پیک سے وابستہ 3 مختلف پراجیکٹس میں کام کرنے والے چینی ماہرین اور اہلکاروں کی تعداد 500 کے لگ بھگ ہے باقی مختلف پراجیکٹس میں کام کررہے ہیں۔ ان کے بقول رواں برس کے دوران بشام میں چینی انجینئرز کی گاڑی پر ہونے والے حملے کے بعد وفاقی حکومت کی ہدایات اور مشاورت کے نتیجے میں غیر ملکی ماہرین کے تحفظ کے لیے خصوصی پلان کے تحت اقدامات کیے گئے اور اس ضمن میں بنائے گئے پلان میں متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکموں کے علاوہ پاکستان فوج کی معاونت اور مشاورت بھی شامل ہیں۔