رواں سال خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے 492 واقعات رپورٹ ہوئے
2024 کے دوران 228 پولیس اہلکار نشانہ بنے ہیں، رپورٹ جاری
ہلاک اور گرفتار ہونے والوں میں 22 وہ کمانڈر اور حملہ آور بھی شامل ہیں جن کے سروں کی قیمت رکھی گئی تھی، سیکیورٹی رپورٹ
پشاور (غگ رپورٹ) سال 2024 کے دوران جہاں خیبرپختونخوا میں ہونے والی دہشتگردی میں ریکارڈ اضافہ ہوا وہاں سیکورٹی فورسز نے بھی ریکارڈ کارروائیاں کرتے ہوئے 203 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 616 کو گرفتار کیا ہے۔
جاری کردہ سیکورٹی رپورٹ کے مطابق ہلاک اور گرفتار ہونے والوں میں 22 وہ کمانڈر اور حملہ آور بھی شامل ہیں جن کے سروں کی قیمت رکھی گئی تھی۔ سیکورٹی فورسز نے اس برس اگر ایک طرف 203 دہشت گرد ہلاک اور 616 گرفتار کرلئے ہیں تو دوسری جانب انٹلیجنس ایجنسیوں کی رپورٹس کی بنیاد پر خیبرپختونخوا میں 104 متوقع حملے بھی ناکام بنائے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صوبے میں دہشتگردی کے 492 واقعات یا حملے رپورٹ ہوئے جس کے نتیجے میں درجنوں دیگر افراد کے علاوہ 228 پولیس اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا گیا اور یوں پولیس فورس کے لیے سال 2023 کی طرح 2024 بھی ایک خطرناک سال ثابت ہوا۔