GHAG

کوہستان کرپشن سکینڈل: پشاور ہائی کورٹ نے نیب کو سید مہتاب شاہ کی گرفتاری سے روک دیا۔۔

کوہستان کرپشن سکینڈل: پشاور ہائی کورٹ نے نیب کو سید مہتاب شاہ کی گرفتاری سے روک دیا

غگ رپورٹ

پشاور ہائی کورٹ نے کوہستان میگا کرپشن سکینڈل کیس میں نیب کو درخواست گزار سید مہتاب شاہ کی گرفتاری سے روک دیا۔کوہستان کرپشن سکینڈل کیس میں ملزم مہتاب شاہ کی نیب نوٹس کے خلاف درخواست پر سماعت جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس فرح جمشید نے کی۔عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزار پراپرٹی ڈیلر ہے اور نیب نے نوٹس جاری کیا ہے۔پشاور ہائی کورٹ نے ملزم مہتاب شاہ سے کہا کہ نیب آپ کو بلائے تو تفتیش میں تعاون کریں، آپ کو گرفتار نہیں کریں گے۔جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 20 اگست تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ اپریل کے مہینے میں خیبر پختونخوا ک کے ضلع کوہستان میں میگا کرپشن سکینڈل کا انکشاف ہواتھا ، سرکاری بینک اکاؤنٹس سے 40 ارب روپے سے زائد کی خوردبرد اور مالی بدعنوانی کا انکشاف ہوا تھا ۔ تحقیقات کے دوران مبینہ طورپر حیران کن انکشاف ہوا کہ ایک ڈمپر ڈرائیور ممتاز کے اکاؤنٹس میں تقریباً ساڑھے چار ارب روپے موجود تھے، جنہیں فوری طور پر نیب نے منجمد کر دیا، مذکورہ ڈرائیور نے ایک فرضی کنٹسٹرکشن کمپنی بنا رکھی تھی۔

شواہد کے مطابق کل ملا کر اسکے اکاؤنٹس میں تقریباً 7 ارب روپے مشکوک ٹرانزیکشنز کے ذریعے جمع کرائے گئے۔اس کے علاوہ ضلع کے سرکاری اکاؤنٹس سے تقریباً ایک ہزار جعلی چیکس جاری کیے گئے ۔ دستاویزات کے مطابق کوہستان میں سرکاری فنڈز کی بڑے پیمانے پر کرپشن اور غیر قانونی نکاسی کے معاملے کی تحقیقات کے سلسلے میں، قومی احتساب بیورو (نیب) نے 50کے قریب بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیئے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts