GHAG

ضلع خیبر وادی تیراہ میں کارروائی، 25 خوارج ہلاک، چار جوان شہید

آپریشن میں خوارج کا سربراہ ابوذر عرف صدام بھی مارا گیا، آئی ایس پی آر

پشاور(غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر وادی تیراہ میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کے دوران 25 خوارج ہلاک کردیے گئے جبکہ کارروائی کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے چار جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وادی تیراہ میں فتنہ الخوارج، کالعدم لشکر اسلام اور کالعدم جماعت الاحرار  کے خلاف خفیہ اطلاعات پر کارروائی ہوئی جس میں 25 خوارج ہلاک جبکہ 11 خوارج  زخمی بھی ہوئے۔آپریشن میں خوارج کا سربراہ ابوذر عرف صدام بھی مارا گیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی کارروائی سے فتنہ الخوارج اور اس سے وابستہ افراد کو دھچکا لگا۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل بلوچستان میں مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کی جانب سے بزدلانہ حملے کیے گئے جس کے جواب میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 21 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، آپریشن کے دوران 14 سیکیورٹی اہلکار بھی شہید ہوئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp