پشاور ( غگ رپورٹ ) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین اور سابق صوبائی وزیر سکندر حیات شیرپاؤ نے صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت صوبے کی بگڑتی سیکیورٹی صورتحال سے لاتعلق ہے اور صوبے کے حکمران دہشت گردوں کے خلاف لڑنے والے شہداء کی نماز جنازہ یا فاتحہ خوانی میں شرکت بھی گوارہ نہیں کرتے جس کے باعث پولیس اور دیگر اداروں کا مورال گرجاتا ہے ۔
خصوصی انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جولائی کے مہینے میں آدھے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں ریکارڈ تعداد میں حملے کیے گئے مگر صوبائی حکومت معاملات سے لاتعلق رہی جبکہ وفاقی حکومت بھی کوئی فعال کردار ادا نہ کرسکی جس کے باعث نہ صرف یہ کہ فورسز بلکہ عوام کو بھی مایوسی اور مشکلات سے دوچار ہونا پڑا ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جرگوں اور مذاکرات وغیرہ کی کوششیں تب تک کامیاب نہیں ہوں گی جب تک ان کوششوں کو تمام اسٹیک ہولڈرز اور سیاسی ، عوامی قوتوں کی حمایت حاصل نہیں ہوگی ۔ اگر افغانستان کے ساتھ معاملات درست کرنے ہو تو اس کے لیے بھی قومی اتفاق رائے اور سیاسی مینڈیٹ لازمی ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی پارٹی امن کے قیام کے لیے ہر سنجیدہ کوشش کی حمایت کرتی رہی ہے مگر اہداف اور مقاصد واضح ہونے چاہئیں کیونکہ صوبہ مزید تجربات اور لاتعلقی پر مبنی رویوں کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔