محکمہ پولیس خیبرپختونخوا نے سیلاب سے پولیس انفرسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔سنٹرل پولیس آفس کے مطابق پولیس سٹیشن مینگورہ اور ایس پی انویسٹی گیشن آفس کاتہہ خانہ پانی سے بھر گیا تھا جس سے کیس پراپرٹیزجس میں گاڑیاںاورسرکاری موٹرسائیکلیں بھی شامل ہیں کو نقصان پہنچا۔ فرنیچر کے علاوہ گراونڈ فلور اور تھانے کے گیٹ کوبھی نقصان پہنچا ۔
رپورٹ کے مطابق بونیر میں پولیس سٹیشن پیربالا کی مین گیٹ، باونڈری وال، کمپیوٹرروم، پولیس سٹیشن کا تمام ریکارڈتباہ جبکہ گرائونڈ فلور میں اسلحہ، آلات اور فرنیچر، سی سی ٹی وی نظام کو بھی شدید نقصان پہنچاہے۔ اسکے علاوہ سیلاب سے تھانہ بٹارہ کی باونڈری وال مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ ضلع شانگلہ میں پولیس ریسٹ ہاؤس کی ایک طرف سائیڈ دیوار گرگئی۔
دیر لوئر کی پولیس پوسٹ گوسام منڈہ کی واٹربورنگ، واٹرپمپ ودیگر اشیاخراب ہوگئے ،ضلع مانسہرہ میں پولیس سٹیشن سٹی کا20فٹ باونڈری وال ، پولیس سٹیشن دربند کی 15فٹ باونڈری وال ، پولیس سٹیشن نواز آباداورٹریفک ہیڈکوارٹر کی باونڈری وال اوراندرونی دیواریں مکمل طو رپر تباہ ہوگئیں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تباہ کن سیلاب سے پولیس پوسٹ باٹراسی پولیس سٹیشن گڑھی حبیب اللہ کی 40فٹ کی بانڈری وال کی دیواروںکو نقصان پہنچاجبکہ پولیس پوسٹ سے منسلک مسجد مکمل طور پر شہید ہوگئی ہے ۔محکمہ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کی پولیس سٹیشن رستم کی باونڈری وال مکمل طور پر منہدم ہوچکی ہے ۔