ضلع کچھی میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر مؤثر کارروائی کی گئی، آئی ایس پی آر
آپریشن کے دوران متعدد ٹھکانے بشمول اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی تباہ کر دیا گیا، آئی ایس پی آر
کوئٹہ (غگ رپورٹ) بلوچستان کے ضلع کچھی میں خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 27 دہشت گرد ہلاک اور ٹھکانے تباہ کردیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12جنوری کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے لیا گیا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 27 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران متعدد ٹھکانے بشمول اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی تباہ کر دیا گیا۔مارے گئے دہشت گرد، فورسز اور شہریوں کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
(14جنوری 2025)