GHAG

اموات کی تعداد 300 سے زائد، مزید کلاؤڈ برسٹ کی اطلاعات

اموات کی تعداد 300 سے زائد، مزید کلاؤڈ برسٹ کی اطلاعات

پشاور (غگ رپورٹ) این ڈی ایم اے اور صوبائی حکومت کے متعلقہ اداروں کی اطلاعات کے مطابق بونیر اور خیبرپختونخوا کے بعض دیگر اضلاع میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی صورتحال سے جان بحق ہونے والوں کی تعداد 340 تک پہنچ گئی ہے جبکہ آئندہ چند دنوں کے دوران اس قسم کی مزید صورتحال کے پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

حکام کے مطابق بونیر میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 250 سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ شانگلہ میں اموات کی تعداد 40 تک پہنچ گئی ہے ، دونوں اضلاع میں درجنوں افراد تاحال لاپتہ ہیں ۔ حکومت نے صوبے کے 9 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

صوبائی حکومت نے ریسکیو ، متاثرین کے لیے 3 ارب روپے مختص کیے ہیں جبکہ وفاقی حکومت نے بھی جاں بحق ہونے والوں خصوصی پیکیج کا اعلان کردیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور ، وفاقی وزیر امیر مقام ، متعدد وزراء ، پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور اے این پی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین سمیت متعدد اہم رہنماؤں نے بونیر کا دورہ کیا جبکہ گورنر فیصل کنڈی مانسہرہ گئے ۔ دوسری جانب پاکستان فوج اور دیگر پیراملٹری فورسز کے اہم عہدے داروں نے بھی مختلف علاقوں میں امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کی جن میں فرنٹیئر کور نارتھ کے کمانڈر سرفہرست رہے۔

انہی سرگرمیوں کے دوران باجوڑ ، بنوں خیبر ، پشاور اور بعض دیگر علاقوں میں فورسز کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ کالعدم ٹی ٹی پی نے متعدد حملے کئے ۔ باجوڑ میں 22 اگست تک کرفیو نافذ کردیا گیا تو بنوں کے علاقے ہیود میں اتوار کی شب ایک مسلح گروپ نے نہ صرف یہ کہ پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا بلکہ ناکہ بندی کرتے ہوئے گاڑیوں اور لوگوں کی تلاشیاں بھی لیں ۔ اسی تناظر میں عوام اور پولیس نے مشترکہ طور پر ایک بڑے حملے کو ناکام بناتے ہوئے اسے پسپا کردیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts