پشاور ( غگ رپورٹ ) خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بادل پھٹنے ( کلاؤڈ برسٹ ) اور سیلابی صورتحال سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 332 ہوگئی ہے جبکہ 135 متاثرین تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے ۔ مختلف متاثرہ علاقوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صرف بونیر میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 205 ہوگئی ہے جن میں دو درجن سے زائد بچے اور خواتین بھی شامل ہیں ۔ بونیر میں 100 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے پی ڈی ایم اے، پاک فوج اور پولیس سمیت دیگر اداروں کی تلاش جاری ہیں ۔
ذرائع کے مطابق صوبے کے نصف درجن اضلاع میں تقریباً 16 اہم پل بھی بہہ گئے ہیں جن میں باجوڑ اور دیر کا مین رابطہ پل بھی شامل ہے جس کی بحالی یا تعمیر کے لیے پاک فوج کے انجینرنگ کور کی ٹیم پہنچ گئی ہے اور اس پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ دوسری جانب این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 21 اگست تک خیبرپختونخوا میں اس نوعیت کی مزید بارشوں کا خدشہ ہے ۔
صوبائی حکومت نے ابتدائی طور پر امدادی کارروائیوں کے لیے 60 کروڑ روپے جاری کردیے ہیں جبکہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں سول ، عسکری حکام نے امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعدد اہم فیصلے کئے ہیں ۔دوسری جانب پنجاب اور سندھ کی حکومتوں نے وزیر اعلیٰ گنڈاپور سے رابطے کرکے ان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کرائی ہے ۔