پشاور ( غگ رپورٹ ) سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ژوب میں کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے والے 33 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے اور سرحدی علاقوں کی مانیٹرنگ بھی سخت کردی گئی ہے۔
جمعہ کی شام کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ فورسز نے 33 بھارتی تربیت یافتہ خوارج کو اس وقت ہلاک کردیا جب وہ پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغانستان سے دارندازی کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ بیان میں بتایا گیا کہ ہلاک دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ ، گولہ بارود برآمد کرتے ہوئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا گیا ۔ مزید کہا گیا کہ پاکستانی سیکورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور ملک کے اندرونی امن اور استحکام کو یقینی بنایا جائے گا ۔
دریں اثنا وزیر اعظم ، صدر مملکت ، وزیر داخلہ اور بلوچستان کے وزیر اعلیٰ سمیت متعدد قومی رہنماؤں نے اس کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف اور ستائش کی ہیں ۔