پشاور( غگ رپورٹ) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے واضح کردیا ہے کہ ریاست کے بغیر کسی بھی فرد ، گروپ یا طبقے کو جہاد کے اعلان یا فتوے کا حق حاصل نہیں ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں مختلف مذاہب اور مسالک کے نمائندوں اور اسٹوڈنٹس سے اپنی تفصیلی نشست میں انہوں نے ” پرائیویٹ جہاد” کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ جہاد کا اعلان صرف ریاست ہی کرسکتی ہے اور یہ حق اور کسی کو بلکل حاصل نہیں ہے ۔
مختلف سوالات کے جوابات میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب، مسالک اور قومیتوں کو یکساں اہمیت اور حقوق حاصل ہیں اور ان تمام کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا جو کہ ان کو تقسیم کرنے کے لیے کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان کے اندر بدگمانی کی کوششوں کے علاؤہ کھلے عام دہشت گردی میں ملوث ہے تاہم ان تمام سازشوں سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا ۔ اس موقع پر ایونٹ میں موجود شرکاء نے بھارت کے خلاف فتح پانے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام ہر حالت میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔
دوسری جانب عسکری اور سفارتی ذرائع نے اس پروپیگنڈا کو گمراہ کن قرار دیا ہے جس میں بعض اندرونی اور بیرونی حلقوں کی جانب سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ پاکستان نے امریکہ کو ایران کے خلاف اپنی حدود فراہم کی ہیں ۔ اس ضمن میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ کو پاکستان کی کوئی فضائی ، زمینی یا بحری حدود اور سہولیات فراہم نہیں کی گئی ہیں اور یہ کہ پاکستان نے دوٹوک الفاظ میں ایران پر ہونے والے حملے کی مخالفت اور مذمت کی ہے ۔
(جون 23، 2025)