ملک خصوصاً خیبرپختونخوا کے 28 اضلاع میں دہشت گرد کارروائیاں
دہشت گرد حملوں میں 103 افراد شہید 150 سے زائد زخمی، رپورٹ
پشاور (غگ رپورٹ) گزشتہ مہینے یعنی اکتوبر 2024 کے دوران پاکستان کے 28 مختلف اضلاع میں 48 دہشت گرد حملے کیے گئے جن میں 4 خودکش حملے بھی شامل ہیں۔
ایک سیکورٹی رپورٹ کی ڈیٹا کے مطابق اکتوبر میں ملک کے چاروں صوبوں میں ریکارڈ تعداد میں دہشت گرد کارروائیاں کی گئیں تاہم 78 فیصد حملوں کا نشانہ صوبہ خیبرپختونخوا بنا۔ ان 48 حملوں کے نتیجے میں مذکورہ رپورٹ کے مطابق 100 سے زائد افراد شہید ہوگئے ہیں جن میں اکثریت سیکورٹی فورسز خصوصاً پولیس کی ہے تاہم درجنوں سویلین بھی نشانہ بنے ۔ ان حملوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 150 کے لگ بھگ رہی۔
اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق سیکرٹری داخلہ اور ممتاز تجزیہ کار ڈاکٹر اختر علی شاہ نے کہا کہ جاری جنگ میں متعدد اندرونی اور بیرونی طاقتیں اور پراکسیز شامل ہیں تاکہ پاکستان کو غیر مستحکم کیا جائے اس لیے اب اس کو کسی مخصوص علاقے یا صوبے کا مسئلہ قرار نہیں دیا جاسکتا ۔ ان کے بقول جاری لہر پر قابو پانے کے لیے لازمی ہے کہ سیاسی وابستگی اور اختلافات سے قطع نظر تمام سیاسی اور ریاستی حکومت اسٹیک ہولڈرز ایک پیج پر آکر لائحہ عمل تیار کریں اور نیشنل ایکشن پلان کے زیادہ سے زیادہ نکات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔