فتنہ الخوارج کی جانب سے ایک دفعہ پھر مسجد پر حملہ – اسلام کے نام پر فتنہ الخوارج کا مساجد اور قرآن کی بےحرمتی کا افسوسناک سلسلہ جاری
اطلاعات کے مطابق ، بنوں کے علاقے منڈیو خاص میں واقع ایک مسجد پر 14 جولائی ، گزشتہ رات 2 بجے دہشتگردوں نے حملہ کیا۔ دہشت گرد مسجد میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کے بعد دھماکہ کیا۔
اس حملے کے نتیجے میں مسجد میں موجود قرآن پاک کے کئی نسخے شہید ہوگئے اور مسجد کی دیواروں، الماریوں اور اندرونی سامان کو شدید نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ ، فتنہ الخوارج اپنے ناپاک عزائم کے حصول کے لیے اس سے پہلے بھی مساجد اور مذہبی مقامات کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔
انہیں خوارجیوں نے جنوری 2023 میں پشاور پولیس لائن مسجد میں دھماکہ کیا جس میں 84 نمازی شہید اور 157 زخمی ہوئے۔ اس دھماکے کے بعد پتہ چلا کہ مسجد میں موجود 200 قرآن مجید کے نسخے بھی شہید ہوگئے تھے۔
علاوہ ازیں زرولی مسجد، نزد وانڈہ پنجما،لکی مروت میں بھی خوارجین نے دہشتگردی کی کوشش کی، جہاں چار مسلح دہشتگرد دو موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر آئے اور مسجد میں نمازیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ حملے میں 4 شہری زخمی ہوئے۔
اس کے علاوہ، سوات کے علاقے خوازہ خیلہ میں بھی ایسا ہی افسوسناک منصوبہ ناکام بنایا گیا، جہاں مسجد سے خودکش جیکٹس اور بارودی مواد برآمد ہوا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دشمن اپنے مذموم مقاصد کے لیے دین کے پاکیزہ مقامات کو بھی استعمال کرنے سے باز نہیں آتا۔
مذہب کا نام استعمال کرنے والے یہ دہشتگرد درحقیقت دین اسلام کے حقیقی نظریات سے ناآشنا ہیں اور محض اپنے جرائم، قتل و غارت اور طاقت کی جنگ کے لیے مذہب کو ڈھال بناتے ہیں۔