حملے میں ایک سپاہی شہید، چار زخمی ہوگئے، جوابی کارروائی میں چھ دہشت گرد ہلاک
35 ٹرکوں کے قافلے میں سے 21 ٹرک علاقے سے پیچھے ہٹ گئے، تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا،پولیس حکام
پشاور(غگ رپورٹ) ضلع کرم میں فریقین کے درمیان امن معاہدے کے باوجود جمعرات کے روز بگن میں امدادی سامان پاراچنار لے جانے والے گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کردی گئی، جس کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید اور 4 دیگر زخمی ہوگئے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شوکت علی کے مطابق حملے میں ایک سپاہی شہید جبکہ 4 زخمی ہوگئے جبکہ قافلے میں شامل 3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔انہوں نے کہا کہ حملہ آور دہشتگردوں کے خلاف ایکشن لیا جا رہا ہے، جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے۔
اس سے قبل کرم کے لیے تیسرےقافلے کے پہلے مرحلےمیں 35 مال بردار گاڑیاں روانہ کی گئی تھیں جن میں دوائیں، سبزیاں، پھل اورکھانے پینے کی دیگر چیزیں شامل تھیں جب کہ قافلے کی سکیورٹی کے لیے پولیس، ایف سی اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات تھی۔
دوسری جانب کرم سے مریضوں کی منتقلی کے لیے ہیلی کاپٹرسروس 10 روز سے بند ہے اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ پیر کے روز خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے امن معاہدے کے بعد ضلع کرم میں مورچوں کی مسماری کا عمل شروع کے حوالے سے بتایا تھا کہ دو مورچوں کو مسمار کردیا گیا۔