GHAG

ڈونلڈٹرمپ کا فوجی سازوسامان واپس نہ کرنے تک افغانستان کو امداد نہ دینے کا اعلان

ہم انہیں چند روپے دیں گے، ہم فوجی سازوسامان واپس چاہتے ہیں، نومنتخب امریکی صدر

امریکہ نے افغانستان سے انخلا کے وقت سات ارب ڈالر مالیت کا فوجی سازو سامان وہاں چھوڑ دیا تھا، محکمہ دفاع کی رپورٹ

افغان طالبان ہر سال اس سازوسامان کی نمائش کرتے آرہے ہیں، رپورٹس

پشاور(غگ خصوصی رپورٹ) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے کہا ہے کہ جب تک افغانستان امریکی فوجی سازوسامان واپس نہیں کرتے، س وقت تک افغانستان کو کوئی امداد نہیں دی جائے گی۔

پیر کے روز دوسری بار بطور صدر حلف برداری سے قبل گفتگو کرتے ہوئے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے الزام لگایا کہ سابق صدر جوبائیڈن کی حکومت نے فوجی سازوسامان کا ایک بڑا حصہ دشمن کو دیا۔ اگر ہم سالانہ اربوں ڈالر ادا کرنے جا رہے ہیں، تو انہیں (افغانستان کو) بتائیں کہ جب تک وہ ہمارا فوجی سازوسامان واپس نہیں کرتے ہم انہیں رقم نہیں دیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہم انہیں چند روپے دیں گے۔ ہم فوجی سازوسامان واپس چاہتے ہیں، تاہم، ٹرمپ نے اس بارے میں وضاحت نہیں کی کہ یہ سازوسامان کس وقت اور کب دی گئی۔

رپورٹس کے مطابق وہ اگست 2021 کے تناظر میں فوجی سازو سامان کی بات کر رہے تھے جب امریکہ نے اپنی فوجوں کا افغانستان سے انخلا کیا۔

اس کے بعد 2022ء میں جاری کی گئی امریکی محکمہ دفاع کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ نے افغانستان سے انخلا کے وقت سات ارب ڈالر مالیت کا فوجی سازو سامان وہاں چھوڑ دیا تھا جس میں ہوائی جہاز، فضا سے زمین پر حملے میں استعمال ہونے والا اسلحہ، عسکری گاڑیاں، ہتھیار، کمیونیکیشنز کا سامان اور دوسری اشیا شامل تھیں۔

رپورٹس کے مطابق طالبان نے ملک کی حکمرانی سنبھالنے کے بعد اس سارے سازو سامان کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ اسکے بعد سے افغان طالبان اپنے یوم فتح  (15اگست) کے موقع پر ہر سال اس سازوسامان کی نمائش کرتے آرہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واشنگٹن افغانستان کو امداد دینے والا بنیادی عطیہ دہندہ ہے۔ انخلاء کے بعدسے گزشتہ تین سالوں کے دوران امریکہ نے افغانستان کے لیے انسانی امداد پر تقریباً تین ارب ڈالر خرچ کیے ہیں۔

افغان طالبان کا ردعمل

دوسری جانب افغان طالبان نے ڈونلڈٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کابل انتظامیہ نہ تو توقع رکھتی ہے اور نہ ہی امریکہ سے کوئی امداد وصول کر رہی ہے۔

افغان طالبان کے نائب ترجمان حمداللہ فطرت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ نے اسلامی امارت کو ایک پیسہ نہیں دیا۔ اس کے بجائے امریکہ نے اربوں ڈالر قبضے میں لے کر منجمد کر دیے جن پر بجا طور پر افغانستان کے عوام کا حق تھا۔

(21 جنوری 2025)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts