لکی مروت، کرک اور تیراہ میں 3 بڑی کارروائیاں کی گئیں، سیکورٹی ذرائع
تیراہ کے علاقے باغ میں دو اہم کمانڈروں کو بھی ہلاک کردیا گیا
پشاور (غگ رپورٹ) سیکورٹی فورسز نے 24 اور 25 جنوری کی درمیانی مدت میں خیبرپختونخوا کے تین مختلف اضلاع میں آپریشن کرتے ہوئے 30 دہشت گرد ہلاک کردیے جبکہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں 8 دہشت گردوں کو زخمی کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری تفصیلات اور سیکورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے لکی مروت میں ایک بڑی کارروائی کے دوران 18 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ کرک میں بھی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں 8 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔
ایک اور کارروائی کے دوران ضلع خیبر کے علاقے باغ میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا جن میں 2 اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران 8 دہشت گرد گرفتار اور زخمی بھی کیے گئے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق کسی بھی دہشت گرد گروپ کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی اور ان دہشت گردوں ہر علاقے میں پیچھا کرتے ہوئے خاتمہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق دہشت گرد گروپ نہ صرف پسپائی اور بھاگنے پر مجبور ہیں بلکہ وہ بوکھلاہٹ کے باعث جھوٹ اور فیک نیوز کا سہارا لیکر عوام کے دلوں میں فورسز، ریاست کے خلاف بدگمانیاں پیدا کرنے کی کوشش کرنے پر اتر آئے ہیں تاہم عوام فورسز پر اعتماد کرکے ان کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
(26 جنوری 2025)