خالد خان
سوشل میڈیا پر ویسے تو ہمہ وقت ایک ہجوم سرگرمِ عمل رہتا ہے، جس میں ہر کسی کی اپنی اپنی دلچسپیاں ہوتی ہیں، مگر ان سطور میں ہم تین طرح کے گروہوں کا جائزہ لیں گے۔ دو طبقات جو سوشل میڈیا پر زیادہ فعال رہتے ہیں، ان میں محبِ وطن اور ملک دشمن گروہ ہمارے اس موضوع کے کلیدی طبقات ہیں۔ سوشل میڈیا آج ایک جنگی محاذ بنا ہوا ہے، اور دفاعِ وطن اور قوم فروشی کی حقیقی جنگ یہاں لڑی جا رہی ہے۔
آج کے دور میں، میدانِ جنگ صرف سرحدوں تک محدود نہیں رہا، سوشل میڈیا ایک نیا محاذ ہے جہاں خیالات، جذبات اور نظریات کی جنگ لڑی جا رہی ہے۔ یہاں دشمن اپنی سازشوں کے ذریعے لوگوں کے دل و دماغ پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ ٹیکنالوجی نے دنیا کو ایک عالمی گاؤں بنا دیا ہے، جہاں ہر ایک کی رسائی دوسرے تک بآسانی ممکن ہوئی ہے۔ دشمن بغیر کسی تکلیف اور رکاوٹ کے سیکنڈوں میں ہماری عوام تک فتنے، الزامات، جھوٹ اور پراپیگنڈے پہنچا رہا ہے۔ اس مسلسل عمل سے وہ ہمارے عوامی دماغوں اور کرداروں پر حاوی ہو رہا ہے۔
اس شر اور ملک دشمنی کے خلاف محبِ وطن پاکستانی سوشل میڈیا کے محاذ پر رضاکارانہ طور پر اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار دشمن کا راستہ روک رہے ہیں۔ ایسے تمام لوگ وردی کے بغیر پاکستان کے سپاہی ہیں جو ایک عظیم جنگ لڑ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا کے پیچیدہ اور جدید جنگی محاذ پر خود کو ایک مؤثر سپاہی اور اپنے اکاؤنٹس کو ایک مؤثر مورچہ بناتے ہوئے یہ وطن دوست ذہانت سے قومی حمایت کو افواجِ پاکستان کے حق میں اور دشمن کے خلاف ایک مؤثر ہتھیار کے طور پر پیش کر رہی ہے۔
اس ہتھیار سے دشمن کے پراپیگنڈے کو ناکام بنانے کا اہم کام کیا جا رہا ہے کیونکہ فیک اکاؤنٹس کے ذریعے ہماری پاک فوج کے خلاف منفی مہمات چلائی جا رہی ہیں۔ یہ دشمن کی چال ہے جو ہمیں اندرونی طور پر کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ محبِ وطن پاکستانیوں کو چاہیئے کہ اپنے حوصلے بلند رکھیں اور ان کے ذہن اس بات پر بالکل صاف اور واضح ہوں کہ جو لوگ پاک فوج، اداروں اور اہم شخصیات کے خلاف زہر افشانی کر رہے ہیں، وہ دراصل دشمن کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ ان کی باتوں کا جواب مؤثر، مدلل اور مہذب انداز میں دیں۔ حقائق پر مبنی گفتگو کریں اور اپنی باتوں کو دلیل اور حقائق سے مضبوط کریں تاکہ کوئی بھی دشمن آپ کی بات کو غلط ثابت نہ کر سکے۔
فیک اکاؤنٹس کی نشاندہی کریں اور جو لوگ منفی مہمات چلا رہے ہیں، ان کے فیک اکاؤنٹس کی رپورٹ کریں اور انہیں بے نقاب کرنے میں اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ اپنی فوج اور اداروں کا دفاع کریں کیونکہ پاک فوج کا ہر سپاہی ہمارے ملک کا فخر ہے۔ اپنی پوسٹس، کمنٹس اور بحثوں میں فوج کی قربانیوں اور کامیابیوں کو اجاگر کریں۔ ملک کی خدمت کو اولین ترجیح دیں اور صرف سوشل میڈیا پر بات کرنے کو کافی نہ سمجھیں بلکہ عملی زندگی میں بھی اپنی فوج اور اپنے ملک کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
فوج ہی وہ طاقت ہے جو دن رات ہماری حفاظت کے لئے چوکس ہے۔ ان کے حوصلے بلند رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ دشمن کی ہر چال کو ناکام بنانا ہمارا فرض ہے۔ یہ جانیں لٹانے والے ہم سے صرف حوصلے اور عزت کی امید کرتے ہیں، اور نہ سہی، کم از کم یہ فرض تو ہمیں ادا کرنا چاہیئے۔
(26 جنوری 2025)