GHAG

سیکورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بڑی کارروائیاں

کرم میں کالعدم تنظیم زنبیون کے مطلوب سربراہ مزمل آغا گرفتار

جی او سی کوہاٹ میجر جنرل ذوالفقار بھٹی کی زیر صدارت اہم اجلاس کا انعقاد

بلوچستان کے علاقے گلستان پشین میں ایف سی کے قلعے پر حملے کے ردعمل میں 5 دہشت گرد ہلاک

پشاور (غگ رپورٹ) سیکورٹی فورسز نے گزشتہ دو دنوں کے دوران خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف بڑی کارروائیاں کیں جس کے نتیجے میں 5 حملہ آور ہلاک کردیے گئے جبکہ کرم میں فورسز نے نہ صرف متعدد دیگر مورچے تباہ کیے بلکہ ایک اہم کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم زنبیون کے سربراہ مزمل آغا کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی۔

کرم میں امدادی سامان کا قافلہ پہنچ گیا، کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم کا سربراہ گرفتار

کرم کو گزشتہ روز تقریباً 70 سے 90 گاڑیوں پر مشتمل امدادی سامان پہنچایا گیا جبکہ فورسز نے جہاں ایک طرف متعدد مورچے اور ٹھکانے تباہ کیے بلکہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مزمل آغا کو پارا چنار شہر کے قریب دوران سفر گرفتار کرلیا گیا جس کو بڑی کامیابی قرار دیا جاسکتا ہے کیونکہ وہ مذکورہ گروپ کے سربراہ ہیں اور جاری کشیدگی کے بنیادی کردار کے طور پر فورسز کو مطلوب تھے۔

جی او سی کوہاٹ کا مختلف علاقوں کا دورہ

دوسری جانب جی او سی کوہاٹ میجر جنرل ذوالفقار علی بھٹی نے گزشتہ روز ٹل، بگن اور بعض دیگر علاقوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے جاری آپریشن کا جائزہ لیا اور ایک اہم اجلاس میں شریک ہو کر بریفنگ لی۔ انہوں نے آپریشن پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فیلڈ کمانڈرز کو ہدایات بھی جاری کیں۔

بلوچستان کے ضلع پشین میں پانچ دہشت گرد ہلاک

ادھر صوبہ بلوچستان کے علاقے پشین کے گلستان میں کالعدم ٹی ٹی پی نے پیر کی شام ایف سی کے ایک قلعہ پر گروپ کی شکل میں حملہ کیا جس کے نتیجے میں فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان شدید نوعیت کی جھڑپیں ہوئیں۔ کالعدم ٹی ٹی پی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے کا آغاز ایک خودکش دھماکہ سے کیا گیا جس کے بعد قلعہ پر حملہ کرتے ہوئے متعدد ایف سی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا تاہم آزاد ذرائع نے رابطے پر بتایا کہ فورسز نے اس حملے کو شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ناکام بنادیا جس کے نتیجے میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا اور باقی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فورسز نے اس کارروائی کے بعد سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کردیا اور علاقے کی سیکیورٹی سخت کردی گئی۔

(28 جنوری 2025)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp