GHAG

ضلع کرم میں مستقل امن کے لئے اسلحہ کی حوالگی ناگزیر قرار

شدت پسند عناصر صورتحال سے فائدہ اٹھا کر نفرت پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا

کوہاٹ معاہدے پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، ندیم اسلم چوہدری

تمام فریقین حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے، کوہاٹ میں جرگہ سے خطاب

کوہاٹ (غگ رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے کہا ہے کہ ضلع کرم میں دائمی امن قائم کرنے اور سڑکوں کو محفوظ بنانے کے لیے تمام غیر قانونی اسلحہ حکومت کے حوالے کرنا ناگزیر ہے۔

منگل کی شام کمشنر ہاؤس کوہاٹ میں ضلع کرم کے گرینڈ جرگہ کے اراکین اور اہل تشیع کے مشران سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ضلع کرم میں جاری تنازع بظاہر دو گروپوں کے درمیان ہے، لیکن شدت پسند عناصر اس صورتحال سے فائدہ اٹھا کر نفرت پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے دونوں فریقین پر زور دیا کہ وہ ان عناصر کو بے نقاب کریں اور ان کے عزائم کو ناکام بنائیں۔

اجلاس میں جی او سی کوہاٹ ذوالفقار علی بھٹی، آئی جی پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان گنڈاپور، کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ، آر پی او کوہاٹ عباس مجید مروت، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم اور ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے موجودہ و سابق پارلیمنٹرینز نے شرکت کی۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری نے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کوہاٹ معاہدے پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ یہ معاہدہ تمام فریقین کے تعاون سے نافذ ہوگا، اور ہمیں فہم و تحمل کے ساتھ اپنے علاقوں اور لوگوں کی حفاظت کرنی ہوگی۔

چیف سیکرٹری نے خبردار کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، درج شدہ ایف آئی آرز پر عمل کیا جائے گا اور قصورواروں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے نوجوانوں کو امن کے قیام میں کردار ادا کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تمام فریقین حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔

اس سے قبل، چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا نے ضلع ہنگو میں عارضی امدادی کیمپ کا دورہ کیا، جو ضلع کرم کے بعض دیہات سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کیمپ میں موجود سہولیات کا جائزہ لیا، وہاں مقیم شہریوں سے ملاقات کی، اور حکومت کی جانب سے ان کی ضروریات کو پورا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

(29 جنوری 2025)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp