پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے مگر نئی نسل منفی پروپیگنڈا سے خود کو دور رکھیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
قوم کو مثبت سوچ رکھنے والے نوجوانوں سے بہت توقعات ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
ہم پوری قوم کے ہمراہ اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، شرکاء کی گفتگو
پشاور (خصوصی رپورٹ) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے گزشتہ روز کراچی کے ایک ممتاز تعلیمی ادارے میں طلبہ و طالبات اور فیکلٹی ممبرز کے ساتھ طویل نشست میں شرکت کرتے ہوئے پاکستان کے مستقبل کو محفوظ اور تابناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اور اداروں کو اپنی نئی نسل خصوصاً طلبہ و طالبات سے بہت توقعات وابستہ ہیں اور ہمیں ان کی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر ہونے والی تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر لفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری جب ایونٹ میں شرکت کرنے ہال میں پہنچ گئے تو فیکلٹی ممبران، مدعو مہمانوں اور طلبہ و طالبات نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے مختلف سوالات کے جواب میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک اور عوام کے تحفظ کے لیے نہ صرف یہ کہ پوری طرح پُرعزم اور چوکس ہیں بلکہ ہم اپنے عملی کردار سے قوم کو یہ یقین بھی دلاتے ہیں کہ پاکستان تمام تر بیرونی اور اندرونی سازشوں کے باوجود محفوظ ہاتھوں میں ہے اور کسی کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے طلبہ و طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ فیک نیوز اور منفی پروپیگنڈا کے علاوہ مایوسی پھیلانے والے عناصر سے خود کو دور رکھیں اور کوشش کریں کہ ایک پرامن اور مستحکم پاکستان کے قیام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔
دریں اثناء طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کو اپنی افواج پر فخر ہے اور وہ منفی پروپیگنڈا کی کوششوں کو رد کرتے ہوئے اپنی فوج اور ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کو یقین دلایا کہ وہ پاکستان کی تعمیر وترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
(31 جنوری 2025)