ٹرمپ، امریکہ سے غیر معمولی توقعات وابستہ کی گئیں مگر بات نہیں بنی، خواجہ آصف
گنڈاپور نے تو کہا تھا کہ 99 فی صد معاملات طے ہوچکے ہیں پھر کیا ہوا؟ رہنما ن لیگ
کسی کو 9 مئی اور 26 نومبر کی طرح دہشت گردی کی اجازت نہیں دی جاسکتی، وزیر دفاع
اسلام آباد (غگ رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پی ٹی آئی پر طنز اور تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی نے سیاسی دہشت گردی کے علاوہ صدر ٹرمپ اور امریکہ سے اپنے بانی کے سلسلے میں غیر معمولی توقعات وابستہ کیں مگر بات نہیں بنی جبکہ دوسری جانب علی امین گنڈاپور نے تو آن دی ریکارڈ یہاں تک کہا کہ 99 فی صد “معاملات” طے پاچکے ہیں ۔ ایسے میں کسی کو کچھ سمجھ نہیں آرہا کہ یہ پارٹی چاہتی کیا چاہتی ہے اور اس نے کن سے کیا توقعات وابستہ کی ہیں۔
ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگر ٹرمپ یا امریکہ نے کوئی ری ایکشن دکھایا تو وقت آنے پر جواب دیا جائے گا فی الحال کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے تاہم پی ٹی آئی کو اگر کوئی پیشرفت کی ضرورت ہے تو اسے دہشت گردوں کی طرح طرز عمل دکھانے کی بجائے ایک سیاسی جماعت والا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پی ٹی آئی کو 9 مئی اور 26 نومبر جیسی دہشتگردی کی اجازت نہیں دی جائے گی نا ہی پاکستان کی سالمیت اور سیکورٹی پر کوئی مفاہمت کی جائے گی۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ مذاکرات کی آڑ میں پی ٹی آئی نے کچھ اور حاصل کرنے کی کوشش کی جس کی حصول میں ناکامی پر اسے بھاگنا پڑا، اب خطوط سے کام لیا جارہا ہے ۔ پارٹی کو اندرونی مسائل اور اختلافات کا سامنا ہے تاہم ایک بات بالکل واضح ہے کہ دہشت گردانہ رویوں کی حامل قوتوں کے ساتھ کوئی رعایت اور مفاہمت نہیں کی جاسکتی۔
(9 فروری 2025)