GHAG

آرمی چیف کی جانب سے فتنہ الخوارج اور شرپسندوں کو واضح پیغام اور وارننگ

خوارج پاکستان میں کس قسم کی شریعت یا نظام لانا چاہتے ہیں یہ سوچنے کی بات ہے، آرمی چیف

پروپیگنڈا کے ذریعے افواج پاکستان اور عوام کے درمیان فاصلے پیدا نہیں کیے جاسکتے، جنرل عاصم منیر

خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام کی پاکستان سے محبت اور وابستگی لازوال ہے، طلبہ و طالبات سے خطاب اور تبادلہ خیال

پشاور (خصوصی رپورٹ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام کی پاکستان سے محبت اور وابستگی کو لازوال اور مثالی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹے اور منفی پروپیگنڈا کے ذریعے عوام اور افواج پاکستان کے درمیان خلیج پیدا کرنے والوں کے عزائم کبھی پورے نہیں ہوں گے۔ مسلح افواج عوام کی بھرپور حمایت سے نہ صرف ان دو صوبوں سمیت پورے ملک سے فتنہ الخوارج اور شرپسندوں کا خاتمہ کریں گی بلکہ پاکستان کو ایک مستحکم اور ترقی یافتہ ملک بنانے کی کوششیں بھی جلد کامیابی سے ہمکنار ہوں گی۔

بدھ کو  راولپنڈی میں ملک کی مختلف جامعات کے طلبہ و طالبات سے خصوصی خطاب اور گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے دہشت گردوں اور شرپسندوں کو سخت اور واضح الفاظ میں پیغام اور وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو خوارج کی گمراہ کن نظریات اور کارروائیوں کی رحم و کرم پر چھوڑا نہیں جاسکتا بلکہ ان سے یہ پوچھنا چاہیئے کہ وہ اس ملک میں کس نوعیت کی شریعت اور نظام چاہتے ہیں؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سے ان تمام منفی عناصر اور ان کی سوچ کا خاتمہ کردیا جائے گا اور ان کے عزائم کبھی پورے نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے نوجوانوں اور طلباء پر زور دیا کہ وہ ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں اور ان منفی عناصر کی حوصلہ شکنی کریں جو کہ دہشت گردی ، شرپسندی اور منفی پروپیگنڈا کے ذریعے عوام میں خوف اور مایوسی پھیلانے کی کوششیں کررہے ہیں۔

(13 فروری 2025)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts