خیبرپختونخوا کے عوام اور نوجوان بہت باصلاحیت اور محب وطن ہیں
نئی نسل کو سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ استعمال سے خود کو بچا کر رکھنے کی ضرورت ہے، کورکمانڈر پشاور
پشاور (غگ خصوصی رپورٹ) پشاور کے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے خیبرپختونخوا کے عوام اور نئی نسل کو محب وطن اور انتہائی باصلاحیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو صوبے کے طلبہ و طالبات اور نئی نسل سے بہت توقعات ہیں تاہم نوجوان نسل کو منفی پروپیگنڈا اور سوشل میڈیا کے منفی استعمال سے خود کو دور رکھنا ہوگا۔
پشاور میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات سے خصوصی نشست اور گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان خصوصاً خیبرپختونخوا کو قدرت نے بے پناہ قدرتی وسائل کے علاوہ بہت باصلاحیت لوگوں اور نوجوانوں سے نوازا ہے اور خیبرپختونخوا کے نوجوان، اسٹوڈنٹس اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر بہترین خدمات سرانجام دے سکتے ہیں۔ ان کے بقول سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ استعمال اور منفی پروپیگنڈا کے ذریعے پاکستان کے بارے میں پھیلائی جانے والی مایوسی سے خود کو دور رکھنے کی ضرورت ہے اور سب کو ملک کی تعمیر وترقی میں اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ ہمارا مستقبل اسی سرزمین سے جڑا ہوا ہے ۔
ایونٹ میں شریک متعدد طلباء اور نوجوانوں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے اس نشست کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس نشست سے بہت سے معاملات کو سمجھنے میں مدد ملی اور کور کمانڈر پشاور نے تحمل اور دلچسپی کے ساتھ ان کے سوالات سنتے ہوئے تسلی بخش جواب دیئے ۔ طلباء کے مطابق اس قسم کی نشستوں سے ان کے ذہن میں پھیلائی گئی بہت سی غلط فہمیوں کو دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔
(14 فروری 2025)