بگن میں ریسکیو آپریشن کرنیوالے سیکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر فائرنگ کی گئی، پولیس ذرائع
حملہ آوروں نے سیکیورٹی فورسز کی تین گاڑیوں کو بھی نذرآتش کیا، پولیس ذرائع
پشاور(غگ رپورٹ) ضلع کرم میں شرپسندوں کے حملے کے بعد امدادی قافلے کو بچانے کی کوششوں میں پانچ سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے جن میں ایف سی کے چار اور پاک فوج کا ایک جوان شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق کل بروز پیر امدادی قافلہ پاراچنار جانے کیلئے چپری گیٹ کے ذریعے لوئر کرم میں داخل ہوا تو دوپہر ساڑھے بارہ بجے قریب مندوری کے قریب اوچاٹ کلی میں ان پر فائرنگ کی گئی۔
قافلے کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی اور فائرنگ کا سلسلہ دو گھنٹے تک جاری رہا۔ اس حملے میں فوج کا ایک جوان شہید جبکہ ایک پولیس اہلکار، دو ٹرک ڈرائیورز اور 4 شہریوں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔
شام چھ بجے کے قریب فورسز نے امدادی ٹرکوں کو لوٹنے سے روکنے کی کوشش کی دو دوسرا حملہ کیا گیا جس میں فرنٹیئر کور افسر کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔ اس موقع پر پانچ اہلکار زخمی ہوئے تاہم افسر محفوظ رہا۔
زخمی اہلکاروں کو ریسکیو کرنے کیلئے آنیوالے ایف سی کے کوئیک رسپانس فورس کے قافلے پر رات ساڑھے آٹھ بجے کے قریب حملہ کیا گیا جس میں چار اہلکار شہید ہوئے جبکہ تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
قافلے میں شامل ایک ٹرک ڈرائیور کا دعوی ہے کہ مساجد سے لاؤڈاسپیکر پر گاڑیوں پر حملے کے اعلانات کئے گئے۔ ایک اور ڈرائیور کے مطابق قافلہ مقامی افراد نے کیا اور ابھی بھی کئی ڈرائیور لاپتہ ہیں۔
(18 فروری 2025)