GHAG

پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز، 29 سال بعد بڑا کرکٹ ایونٹ

افتتاحی میچ میں میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں مدمقابل ہوں گے

1996 کے بعد پاکستان میں کرکٹ کا بڑا ایونٹ ہونے جارہا ہے، صدرمملکت آصف علی زرداری کی شرکت متوقع

29 سال بعد آئی سی سی ٹورنامنٹ کا پاکستان میں انعقاد باعث افتخار ہے، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی

کراچی (غگ رپورٹ) پاکستان میں 29 سال بعد کرکٹ کا بڑا میلہ منعقد کیا جارہا ہے اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ آج 19 فروری کو میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جارہا ہے۔اس سے قبل 1996ء میں پاکستان نے آئی سی سی ورلڈکپ کی مشترکہ میزبانی کی تھی۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ کیلئے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کو جانے والے راستوں کو سجایا گیا ہے جبکہ اسٹیڈیم کو سبز اور نیلے رنگوں سے سجایا گیا ہے اور توقع ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری افتتاحی میچ میں شرکت کریں گے۔

2009 میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی بس پر حملے کے بعد ملک کی محفوظ کرکٹ وینیو کی حیثیت ختم کردی گئی تھی اور پاکستان 2009 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور بعد میں 2011ء ورلڈکپ کی مشترکہ میزبان سے محروم کیا گیا تھا۔

پی سی بی حکام کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کیلئے تزئین و آرائش کا کام 100 دن میں مکمل کیا گیا، لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

دوسری جانب بھارت کی پاکستان آمد سے انکار کے بعد میچز دبئی منتقل کئے گئے ہیں۔ یہ فیصلہ ’ہائبرڈ‘ ماڈل کے تحت کیا گیا ہے جس کے تحت پاکستان 2025 ویمنز ورلڈ کپ اور 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچز میزبان ملک بھارت سے باہر کھیلے گا۔

افتتاحی تقریب، صدر مملکت آصف علی زرداری کی شرکت متوقع

چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی روز پاک ائیر فورس شیر دل شو کا شاندار مظاہرہ کرے گی۔  صدر مملکت آصف علی زرداری مہمان خصوصی ہوں گے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم میں 15 کے 15 کھلاڑی کپتان ہیں، جیت کےلیے نیوزی لینڈ سے اچھا کھیلنا ہوگا۔ سابق کپتان بابراعظم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمارے بہترین کھلاڑی ہیں، اننگز وہی اوپن کریں گے۔

افتتاحی میچ کیلئے ٹریفک پلان، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں مقابلوں کے دوران سر شاہ سلیمان روڈ ٹریفک کے لیے کھلا رہے گا، اسٹیڈیم آنے والے شائقین نیشنل کوچنگ سینٹراور چائنا گراؤنڈ میں گاڑی پارک کریں گے۔

کار ساز سے آنے والے فلائی اوور کے نیچے سے کوچنگ سینٹر اور چائنا گراؤنڈ پہنچیں گے۔ ہیوی ٹریفک سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آباد نمبر 10سے حسن اسکوائر جاسکے گی جبکہ پیپلز چورنگی سے آنے والی ہیوی ٹریفک یونیورسٹی روڈ جاسکے گی۔ اسی طرح کارساز سے اسٹیڈیم، ملینیم تا نیو ٹاؤن، اسٹیڈیم سگنل تا حسن اسکوائر ہیوی ٹریفک کے لیے بند ہوگا۔

(19 فروری 2025)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp