GHAG

ڈی جی آئی ایس پی آر کی آئی بی اے کراچی، این سے اے اور لمز کے طلبہ سے خصوصی ملاقاتیں

ڈی جی آئی ایس پی آر نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں نوجوانوں کے کردار کو سراہا

طلبہ کی جانب سے نشست انتہائی مفید قرار، پاک افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا

کراچی/لاہور (غگ رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ملک کے ممتاز تعلیمی اداروں کے طلبہ سے خصوصی نشستیں منعقد کیں، جن میں تعلیمی ترقی، قومی یکجہتی اور سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (IBA) کراچی کا دورہ کیا، جہاں اساتذہ اور طلبہ نے پرجوش استقبال کیا۔ انہوں نے طلبہ کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں نوجوانوں کے کردار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ “IBA نہ صرف ایک مثالی تعلیمی ادارہ ہے بلکہ یہاں کا تعلیمی معیار جدید عالمی تقاضوں کے مطابق ہے۔” انہوں نے IBA کے اساتذہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں سلیوٹ بھی کیا۔

طلبہ نے اس نشست کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے پاک افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور واضح کیا کہ وہ سوشل میڈیا پر افواج پاکستان کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبہ کے ساتھ اپنے روابط کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے لاہور میں نیشنل کالج آف آرٹس (NCA) اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS) کے طلبہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان نشستوں کا مقصد نوجوان نسل کو قومی ترقی کے سفر میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا اور ان کے سوالات کے مدلل جوابات فراہم کرنا ہے۔

طلبہ اور اساتذہ نے اس نشست کو نہایت سودمند قرار دیتے ہوئے اس طرح کے مزید سیشنز کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔

(20 فروری 2025)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts