چیک پوسٹ قائم کرنے کے معاملے پر پاکستانی اور افغان فورسز کے درمیان شدید تلخی
آمدورفت کی بندش کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا
پشاور (غگ رپورٹ) پاک افغان سرحد طورخم گزشتہ تین دنوں سے ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند ہے جس کے باعث دونوں ممالک کا سفر کرنے والے افراد اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تلخی تین روز قبل اس وقت پیدا ہوئی جب افغان فورسز نے ایک متنازعہ جگہ پر ایک سیکورٹی چیک پوسٹ قائم کرنے کی کوشش کی جس پر پاکستان کی سرحدی فورسز نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ مذکورہ چیک پوسٹ کے قیام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس معاملے پر کشیدگی میں اضافہ ہوا تو سینکڑوں کی تعداد میں مقامی لوگوں نے کسی جھڑپ کے خدشہ کے پیش نظر لنڈی کوتل ، جمرود اور پشاور کا رخ کیا۔ سرحد عام آمدورفت کے لیے بند کردیا گیا ہے جس کے باعث عوام اور تاجروں کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔ دونوں ممالک کی سرحدی فورسز نے مورچے سنبھال لیے ہیں اور تاحال مذکورہ چیک پوسٹ کا معاملہ بھی کھٹائی میں پڑا ہوا ہے۔
(24 فروری 2025)