GHAG

پاکستان کا افغان شہریوں کو 31 مارچ تک ملک چھوڑنے کی ہدایت

تمام غیرقانونی غیرملکیوں اور افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والوں کو 31 مارچ تک ملک چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے، وزارت داخلہ

بصورت دیگر یکم اپریل سے انکی ملک بدری کا عمل شروع کردیا گیا جائے، وزارت داخلہ

اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقیم افغان شہریوں کو نکالنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں

دوسرے مرحلے میں افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے افراد کو افغانستان بھیجا جائے گا

پشاور(غگ رپورٹ) پاکستان نے غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں اور افغان شہریوں کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ وہ رواں ماہ (مارچ) کی 31 تاریخ تک ملک چھوڑ دیں، بصورت دیگر یکم اپریل سے انکی ملک بدری کا عمل شروع کیا جائے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقیم افغان شہریوں کو بھی نکالنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ دوسرے مرحلے میں افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے افراد کو افغانستان واپس بھیجا جائے گا جن کی تعداد تقریباً 8 لاکھ ہے۔

حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد غیر قانونی مہاجرین کی موجودگی کو کم کرنا اور سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔ حکومت نے اس عمل میں انسانی حقوق اور قانونی تقاضوں کا احترام کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے اکتوبر 2023 میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کا عمل شروع کیا تھا جس کے تحت ہزاروں افغان باشندوں کو واپس افغانستان بھجوایا جا چکا ہے۔

اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے (یو این ایچ سی آر) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بدری مہم شروع ہونے سے لے کر اب تک آٹھ لاکھ 42 ہزار سے زیادہ افغان باشندے پاکستان چھوڑ چکے ہیں جن میں 40 ہزار سے زائد کو ڈی پورٹ کیا گیا۔

وزارتِ داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان باشندوں کی اُن کے ملک باوقار واپسی کے لیے پہلے ہی کافی وقت دیا جا چکا ہے۔

رواں برس 29 جنوری کو وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے ایک اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ پہلے مرحلے میں افغان سیٹیزن کارڈ (جو 2017 میں پاکستان کی طرف سے افغان پناہ گزینوں کو جاری کیا گیا تھا) رکھنے والے اور سفری دستاویزات کے بغیر مقیم افغان پناہ گزینوں کو اسلام آباد اور راولپنڈی سے نکال کر افغانستان بھیجا جائے گا۔

اس اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا تھا کہ دوسرے مرحلے میں پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈ رکھنے والے افغان پناہ گزینوں کے کیس کو دیکھا جائے گا، جن کے کارڈز کی مدت 30 جون 2025 تک ہے، لیکن انہیں بھی اسلام آباد اور راولپنڈی سے نکالا جائے گا۔

اسی طرح اس دستاویز کے مطابق وہ افغان پناہ گزین جو کسی دوسرے ملک میں مقیم ہونے کے عمل کے لیے اسلام آباد یا راولپنڈی میں ہیں، انہیں 31 مارچ تک رہنے کی اجازت ہوگی۔

(8 مارچ 2025)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts