GHAG

بلوچستان نوشکی میں ایف سی کی گاڑی پر حملہ، 3 اہلکاروں سمیت پانچ افراد شہید

 حملے میں ایف سی اہلکاروں کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا جس میں 7 بسیں اور دو گاڑیاں شامل تھیں، حکام

12 سے زائد زخمی اہلکاروں کو  ایف سی کیمپ اور نوشکی ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا، بی ایل اے نے ذمہ داری قبول کرلی

کوئٹہ (غگ رپورٹ) بلوچستان کے ضلع نوشکی میں این اے 40 پر شہر کے قریب کوئٹہ سے نوکنڈی جانے والے سکیورٹی فورسزکے اہلکاروں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں تین اہلکاروں سمیت پانچ افراد شہید جبکہ 12 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

نوشکی کے پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ ایک خودکش حملہ تھا۔جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ ایک خودکش حملہ آور نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی ایف سی کے قافلے سے ٹکرائی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشت گردوں نے آج صبح نوشکی کے مقام پر ایف سی کے قافلے پر بارودی مواد کا دھماکا اور خود کش حملہ کیا،

ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ضلع نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش حملے کے نتیجے میں 5 افراد شہید ہوگئے، شہدا میں 3 سیکیورٹی اہلکار اور 2 شہری شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شہدا میں حوالدار منظورعلی، حوالدار علی بلاول، نائیک عبدالرحیم شامل ہیں جب کہ سیکیورٹی فورسز نے حملہ آور دہشت گردوں کے خلاف فوری موثر جوابی کاروائی کی۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

(16 مارچ 2025)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts