پیدل آمد و رفت کے لئے بارڈر 21 مارچ کو کھولا جائے گا، حکام
طورخم زیروپوائنٹ پر اجلاس میں بارڈر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا
انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مریضوں کو بھی آمدورفت کی اجازت دی گئی
پشاور(غگ رپورٹ) طورخم بارڈر کو 25 روز بند رہنے کے بعد آج مال برداری گاڑیوں کی آمدو رفت کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ بارڈر کھلنے کے بعد پہلی مال بردار گاڑی افغانستان روانہ کردی ہے جبکہ پیدل آمد و رفت کے لئے بارڈر 21 مارچ کو کھولا جائے گا۔
پاکستان اور افغانستان کے حکام کے درمیان طورخم کے زیرو پروائنٹ کے مقام پر ہونے والے اجلاس میں طورخم بارڈر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے بعد بارڈر کو باقاعدہ طور پر تجارتی سرگرمیوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔
اجلاس میں انسانی ہمدری کی بنیاد پر دونوں اطراف سے مریضوں کو بھی آمدورفت کی اجازت دی گئی ہے۔
قبل ازیں افغانستان کے جرگہ ممبران نے افغان حکام سے ملاقات کرکے انہیں جرگے کے فیصلے پر عمل درآمد کی درخواست کی تھی۔
یاد رہے کہ پاک افغان بارڈر کو افغان فورسز کی جانب سے بارڈر کے قریب متنازعہ تعمیرات کے باعث 21 فروری کو بند کیا گیا تھا جس کے باعث تجارتی سرگرمیاں معطل ہوچکی تھیں۔
(19 مارچ 2025)